• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وزیر خارجہ یو این ایچ سی آر کے اجلاس میں شرکت کیلئے سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے

شائع September 9, 2019 اپ ڈیٹ September 10, 2019
شاہ محمود قریشی جینیوامیں مقامی اور عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے—فائل فوٹو: اے پی
شاہ محمود قریشی جینیوامیں مقامی اور عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے—فائل فوٹو: اے پی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوامِ متحدہ حقوقِ انسانی کونسل (یو این ایچ آر سی) کے 42 ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے 3 روزہ دورے پر سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ متوقع طور پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر سے آئے مندوبین کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھائیں گے۔

اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اورغیر قانونی اقدامات کا معاملہ اٹھائیں گے اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش خطرات اجاگر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں خون خرابے کا خدشہ ہے، وزیر خارجہ

وزیرخارجہ جینیوامیں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے علاوہ وہ جینیوامیں مقامی اور عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے اور مختلف عالمی اور علاقائی مسائل پرپاکستان کاموقف اور نقطہ نظر پیش کریں گے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور وادی میں ایک ماہ سے جاری محاصرے کے پر پاکستانی وزیر خارجہ متعدد ممالک کے ہم منصبوں کو فون کر کے ان کی توجہ کشمیر کے معاملے کی جانب مبذول کرواچکے ہیں۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گیوتیرس اور ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) مشعل بیچلیٹ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق 2 علیحدہ خطوط بھی ارسال کیے تھے جس میں انہوں نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب ان کی توجہ دلائی تھی۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی صورتحال: وزیرخارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط

وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے 'او ایچ سی ایچ آر' کو لکھے گئے خط میں 5 اگست کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے سیاق و سباق اور نتائج سے آگاہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024