• KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:49am
  • LHR: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:41am
  • KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:49am
  • LHR: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:41am

اسلام قبول کرنے والی آئرش گلوکارہ کی موسیقی میں واپسی

شائع September 8, 2019
شنیڈ او کونر نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام شہدا صداقت رکھا تھا —فوٹو: ایگزمائن/ انسٹاگرام
شنیڈ او کونر نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام شہدا صداقت رکھا تھا —فوٹو: ایگزمائن/ انسٹاگرام

ماضی میں مسیحی مذہب کی پیروکار اور مسیحیت پر تنقید سمیت اپنے متنازع جنسی رجحانات کی وجہ سے ہر وقت خبروں میں رہنے والی آئرلینڈ کی معروف گلوکارہ شنیڈ او کونر نے گزشتہ برس اکتوبر میں اسلام قبول کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

52 سالہ گلوکارہ نے کئی سال تک مسیحیت اور مسیحی مذہبی علما بشمول ویٹی کن سٹی اور پوپ فرانسس پر تنقید کے بعد اسلام قبول کیا تھا اور اسلام کو ایک آفاقی مذہب قرار دیتے ہوئے اس کے دائرے میں داخل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

شنیڈ او کونر نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام تبدیل کرکے شہدا ڈیوٹ صداقت رکھا تھا۔

گلوکارہ کے دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر آئرلینڈ کے فنکار، صحافی، سیاستدان اور ان کے مداح حیران رہ گئے تھے۔

شنیڈ او کونر کو اچھوتے فیشن متعارف کرانے والی گلوکارہ بھی کہا جاتا رہا ہے—فوٹو: فیمس فکس
شنیڈ او کونر کو اچھوتے فیشن متعارف کرانے والی گلوکارہ بھی کہا جاتا رہا ہے—فوٹو: فیمس فکس

اگرچہ انہوں نے دائرہ اسلام میں آنے سے قبل ہی موسیقی سے دوری اختیار کرلی تھی، تاہم انہوں نے میوزک کو باقاعدہ خیرباد نہیں کہا تھا۔

اسلام قبول کرنے کے 10 ماہ بعد اب پہلی مرتبہ شہدا ڈیوٹ صداقت کی موسیقی کی دنیا میں واپسی ہوئی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ پہلی بار مکمل اسلامی لباس میں ٹی وی پر جلوہ گر ہوئیں۔

برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کے مطابق دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی گلوکارہ پہلی بار ملک کے معروف ٹی وی چینل کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹاک شو میں شریک ہوئیں۔

شنیڈ او کونر کا شمار 1980 سے 1995 تک کی مشہور گلوکاراؤں میں ہوتا ہے–فوٹو: رفائنری
شنیڈ او کونر کا شمار 1980 سے 1995 تک کی مشہور گلوکاراؤں میں ہوتا ہے–فوٹو: رفائنری

شہدا ڈیوٹ صداقت پہلی مرتبہ ٹی وی پر آئیں تو مکمل اسلامی لباس میں دکھائی دیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئرش گلوکارہ شنیڈ او کونر نے اسلام قبول کرلیا

گلوکارہ نے جسم کو مکمل ڈھاپنے والا سرخ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور انہوں نے سر کو حجاب سے ڈھانپ رکھا تھا۔

گلوکارہ نے زندگی کے 50 سال گزارنے کے بعد اسلام قبول کیا—فوٹو: کپ کارول
گلوکارہ نے زندگی کے 50 سال گزارنے کے بعد اسلام قبول کیا—فوٹو: کپ کارول

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں وہ مکمل اسلامی لباس میں ٹی وی پر نظر آئیں، وہیں انہوں نے اسی لباس میں تقریباً 5 سال بعد دوبارہ اپنی آواز کا جادو چلایا۔

گلوکارہ نے اپنے ماضی کے مشہور گانے ’نتھنگ کمپیئرز ٹو یو' کو گانے سمیت دیگر گانوں پر بھی اسی شو میں پرفارمنس کی اور گیتوں پر پرفارمنس کے دوران بھی وہ اسلامی لباس میں دکھائی دیں۔

گلوکارہ کی جانب سے اسلامی لباس میں پرفارمنس کرنے کے بعد ان کے گانے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور ان کے مداحوں نے اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی موسیقی کی دنیا میں واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

گزشتہ 10 ماہ سے گلوکارہ کو اسلامی طرز کے لباس میں دیکھا گیا ہے—فوٹو: ڈبلیو ای این این
گزشتہ 10 ماہ سے گلوکارہ کو اسلامی طرز کے لباس میں دیکھا گیا ہے—فوٹو: ڈبلیو ای این این

پروگرام میں گانوں پر پرفارمنس کرنے سمیت انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات بھی کی اور اعتراف کیا کہ اب ان کی زندگی پر سکون ہے۔

شہدا ڈیوٹ صداقت کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی سال تک اپنے ساتھ مذہبی عقائد کے حوالے سے جنگ لڑنے کے بعد اسلام کو قبول کیا اور انہیں لگتا ہے کہ وہ اس ہی مذہب کے لیے بنی تھیں۔

خیال رہے کہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے سے قبل شنیڈ او کونر کٹر مسیحی تھیں اور ان کا خیال تھا کہ خواتین بھی پادری بننے کا حق رکھتی ہیں۔

گلوکارہ کو طویل عرصے بعد اپنے ماضی کے مقبول گیت گاتے سنا گیا—فوٹو: ڈبلیو ای این این
گلوکارہ کو طویل عرصے بعد اپنے ماضی کے مقبول گیت گاتے سنا گیا—فوٹو: ڈبلیو ای این این

شنیڈ او کونر کو ان کے کٹر مسیحی خیالات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا اور وہ بھی ویٹی کن سٹی سمیت پوپ فرانسس اور دیگر مذہبی رہنماؤں پر کھل کر تنقید کرتی تھیں۔

شنیڈ او کونر کو آئرلینڈ کی شہرت یافتہ گلوکارہ کا اعزاز حاصل ہے، ان کا شمار 1980 سے 1995 کی سب سے زیادہ مشہور آئرش گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔

گلوکارہ کو حجاب کے ساتھ اسلامی لباس میں پہلی بار گلوکاری کرتے دیکھا گیا—اسکرین شاٹ
گلوکارہ کو حجاب کے ساتھ اسلامی لباس میں پہلی بار گلوکاری کرتے دیکھا گیا—اسکرین شاٹ

شنیڈ او کونر اپنے جنسی رجحانات کی وجہ سے بھی تنقید کا سامنا کرتی رہی ہیں، انہوں نے ماضی میں اعتراف کیا تھا کہ وہ ہم جنس پرست بھی رہی ہیں۔

شنیڈ او کونر نے 4 شادیاں کیں اور ان کے 4 بچے بھی ہیں، ان کی تمام شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں اور وہ اب دادی بھی بن چکی ہیں، انہوں نے ماضی میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے تین خواتین سے بھی جنسی تعلقات رہے ہیں۔

انہیں ماضی میں آئرلینڈ کی بولڈ گلوکارہ بھی کہا جاتا تھا، وہ ماضی میں نت نئے فیشن متعارف کرانے کی وجہ سے بھی جانی جاتی تھیں اور یہاں تک وہ اپنے سر کے بال بھی منڈوا لیتی تھیں۔

تاہم دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد انہیں مکمل اسلامی لباس اور حجاب کے ساتھ دیکھا گیا ہے اور انہیں گزشتہ 10 ماہ میں کسی بولڈ حالت میں نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی متنازع بیان سامنے آیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024