’کہے دل جدھر‘ منشا پاشا اور جنید خان کی رومانوی کہانی
گلوکارہ منشا پاشا جلد ہی اداکار جنید خان کے ساتھ فلم ڈیبیو کرتی دکھائی دیں گی، جو نہ صرف دونوں کی رومانوی کہانی پر مبنی ہوگی بلکہ شائقین کو ایک منفرد کہانی بھی دیکھنے کو ملے گی۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے منشا پاشا نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ جنید خان کے ساتھ آنے والی فلم ’کہے دل جدھر‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گی۔
انہوں نے فلم کی کہانی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ ’کہے دل جدھر‘ ایک منفرد فلم ہوگی اور انہوں نے آج تک ایسی فلم نہیں دیکھی اور نہ ہی اس طرح کا کوئی کام کیا ہے۔
منشا پاشا کے مطابق ’کہے دل جدھر‘ ایک کمرشل فلم ہوگی جو ان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور یہ فلم جنید خان کی پہلی فلم ’لال کبوتر‘ سے مختلف ہے۔
اداکارہ و گلوکارہ کے مطابق اس وقت فلم کی شوٹنگ جاری ہے اور اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اس میں اداکاری کرنے سمیت ساتھی ہیرو جنید خان کے ساتھ آئٹم سانگ پر پرفارمنس بھی کرتی دکھائی دیں گی۔
منشا پاشا نے بتایا کہ ابھی تک فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، چوں کہ تاحال ہم فلم کے پہلے مرحلے پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی اسے ریلیز کرنے کی تاریخ طے کی جائے گی۔
ادھر فلم کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے جنید خان کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ’کہے دل جدھر‘ کی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ اس سے قبل بھی منشا پاشا کے ساتھ مختلف کام کر چکے ہیں، تاہم اس مرتبہ انہیں منفرد تجربہ ہوا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے فلم کے ہدایت کار کی بھی تعریف کی اور بتایا کہ جلال الدین رومی کو زیادہ تر لوگ میوزک ڈائریکٹر کے طور پر جانتے ہیں، تاہم انہوں نے اس فلم میں بہت محنت کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ٹیم سے بھی محنت کروائی ہے۔
جنید خان نے بھی فلم کی کہانی بتانے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ فلم شائقین کو محظوظ کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ ’کہے دل جدھر‘ کی کہانی کامران باری نے لکھی ہے اور اس کی کاسٹ میں دیگر نامور اداکار بھی شامل ہیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو رواں برس کے آخر تک ریلیز کردیا جائے گا۔