• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کے نئے قانون میں مسعود اظہر، حافظ سعید دہشت گرد قرار

شائع September 5, 2019
دونوں شخصیات کے نام پہلے ہی اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں — فائل فوٹو: ٹوئٹر
دونوں شخصیات کے نام پہلے ہی اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں — فائل فوٹو: ٹوئٹر

بھارت نے اپنے نئے قوانین میں جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو دہشت گرد قرار دے دیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بھارت کی وزارت داخلہ نے دونوں شخصیات کے نام ’غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ترمیمی ایکٹ‘ میں شامل کیے ہیں۔

بھارت کے نئے قانون کے مطابق حکومت کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث افراد، اس کی تیاری کرنے یا پھر اس کے فروغ کے لیے کام کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دے سکے۔

دہشت گرد قرار دینے کے بعد ان افراد کے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کیا جاسکتا ہے جبکہ اس کے ملک چھوڑنے پر بھی پابندی ہوگی۔

مزید پڑھیں: حافظ سعید گوجرانوالہ سے گرفتار، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں انچارج امور جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے مولانا مسعود اظہر، حافظ سعید، زاکر الرحمٰن لکھوی اور داؤد ابراہیم کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے بھارت کے قانونی اقدام کے استعمال کی تعریف کی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس فیصلے میں بھارت کے ساتھ ہیں، اس اقدام کے بعد دہشت گردی کے خلاف امریکا اور بھارت کی مشترکہ کوششوں کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس فروری میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات نہیں کیے تو اس پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔

اس وارننگ کے بعد پاکستان کی حکومتی مشینری حرکت میں آئی اور اس نے 2 ماہ کی قلیل مدت میں قابل تعریف اقدامات کیے۔

یہ بھی پڑھیں: مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کی 'پابندی فہرست' میں شامل

حکومت پاکستان نے جماعت الدعوۃ، اس کی فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن سمیت اس طرح کی 6 دیگر تنظیموں پر پابندی عائد کردی تھی۔

دریں اثنا رواں برس ہی جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف درجن سے زائد کیسز درج ہوئے اور انہیں 17 جولائی کو محکمہ انسداد دہشت گردی نے گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے حافظ سعید کو ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا جاتا ہے جبکہ امریکا و بھارت نے انہیں دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں بھی شامل کیا ہوا ہے۔

ادھر چین کی جانب سے تکنیکی اعتراضات واپس لینے کے بعد اقوام متحدہ نے مولانا مسعود اظہر کو بھی دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں شامل کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024