• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'خدارا غلط خبریں نہ چلائیں، میرے والد جب تک زندہ ہیں رہنے دیں'

شائع September 4, 2019
عابد علی کا شمار پاکستان کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
عابد علی کا شمار پاکستان کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

معروف ٹی وی اداکار اور پروڈیوسر عابد علی گزشتہ دو ماہ سے شدید علیل اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

گزشتہ دنوں اداکار کی بیٹیوں ایمان علی اور رحمہ علی نے سوشل میڈیا پر والد کی خراب صحت کے حوالے سے پوسٹ بھی جاری کی جبکہ مداحوں سے ان کے لیے دعا کرنے کی درخواست بھی کی۔

مزید پڑھیں: عابد علی کی حالت تشویشناک، ماڈل ایمان علی کی والد کیلئے دعا کی اپیل

یاد رہے کہ گزشتہ روز رحمہ علی نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری کے ذریعے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے ان کے والد کو جواب دے دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئیں کہ عابد علی کا انتقال ہوگیا۔

جس کے فوری بعد یہ خبریں وائرل بھی ہوگئیں، تاہم ایمان علی اور رحمہ دونوں نے ان خبروں کو جھوٹی افواہیں ٹھہراتے ہوئے ایسی خبریں بنانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایمان علی نے اس حوالے سے شائع ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔

جبکہ رحمہ علی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'وہ زندہ ہیں الحمداللہ اور زندہ رہیں گے، ہسپتال میں سو رہے ہیں، خدارا غلط خبریں نہ چلائیں، جب تک زندہ ہیں رہنے دیں'۔

عابد علی کی تیسری بیٹی مریم علی نے بھی ایسی افواہیں پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ والد کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی۔

اداکار عابد علی کی بہن رابعہ کا بھی ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے بھائی کے انتقال کی خبریں جھوٹی ہیں۔

رابعہ کے مطابق 'جو خبریں ہر چینل پر دکھائی جارہی ہیں اور ایک دوسرے کو دیکھ کر نقل کی جارہی ہے یہ بالکل جھوٹی ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے اور اس کی ان کو سزا ملنی چاہیے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'عابد علی زندہ ہیں، ہاں وہ بیمار ضرور ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے لیکن وہ زندہ ہے اور صحت یاب بھی ہوجائیں گے'۔

رابعہ کا کہنا تھا کہ 'یہ لوگ کون ہوتے ہیں جو میرے بھائی کے انتقال کا اعلان کردیں بغیر یہ جانے، آخر ہو کیا رہا ہے؟ یہ جھوٹ ہے'۔

خیال رہے کہ 67 سالہ عابد علی اپنے کیریئر میں کئی بڑے ڈراموں میں کام کرچکے ہیں جن میں 'مہندی'، 'دیار دل'، 'بنٹی آئی لو یو'، 'رخصتی' شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024