• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

محسن عباس کی اہلیہ کا خلع لینے کا فیصلہ

شائع September 4, 2019
فاطمہ اور محسن کی شادی 2015 میں ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فاطمہ اور محسن کی شادی 2015 میں ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکار گلوکارہ اور میزبان محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے خلع کی درخواست دائر کردی۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق بیرسٹر احتشام نےفاطمہ سہیل کا کیس لاہور کے فیملی کورٹ میں پیش کیا۔

خلع کی درخواست دائر کرتے ہوئے فاطمہ سہیل نے محسن پر تشدد کرنے اور شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی دوسری خاتون سے تعلق رکھنے کا الزام لگایا۔

مزید پڑھیں: محسن عباس حیدر کی اہلیہ کا شوہر پر تشدد کرنے اور دھوکہ دینے کا الزام

فاطمہ نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ ان کی خلع کی درخواست منظور کرے اور اس معاملے میں حکم نامہ جاری کرے۔

جس کے بعد محسن عباس حیدر نے بھی فیس بک پر ایک طویل بیان جاری کیا، البتہ شدید تنقید کا سامنا کرنے کے باعث کچھ دیر بعد ہی اس بیان کو ڈیلیٹ کردیا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'آخر کار جو اذیت میں 4 سال سے برداشت کررہا ہوں وہ ختم ہوئی، اب مجھے ایک ایسی عورت کے ساتھ زندگی گزارنے کی ضرورت نہیں جس کا کسی اور مرد سے تعلق ہو (ضرورت پڑی تو کورٹ میں ثابت بھی کیا جاسکتا ہے) ایک ایسی عورت جسے پارٹیز میں جانے کا شوق تھا اور وہ خاندان کے بچوں کو بتاتی تھی کہ وہ کس قسم کی منشیات کا استعمال کرتی تھی، ایک ایسی عورت جو میری زندگی میں آئی اور میرے پورے گھر کو بکھیر دیا، میں ان اذیت ناک 4 سالوں پر پوری ایک کتاب لکھ سکتا ہوں، وہ میری زندگی کا بدترین فیصلہ تھی'۔

یہ بھی پڑھیں: محسن عباس حیدر اور فاطمہ سہیل نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا

محسن نے مزید لکھا کہ 'میں نے ایسا پہلے کبھی نہیں کیا کیوں کہ وہ میرے نکاح میں تھی، لیکن وہ میرے کردار اور میری فیملی پر کیچڑ اچھالتی رہی، اس لیے اب میں نے بھی آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا'۔

یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں فاطمہ سہیل نے فیس بک پر جاری ایک بیان میں محسن عباس حیدر پر جنسی تشدد کرنے اور نازش جہانگیر نامی ماڈل کے ساتھ شادی شدہ ہونے کے باوجود تعلقات رکھنے کا الزام عائد کیا۔

جس کے بعد محسن عباس حیدر نے ایک پریس کانفرنس میں ان تمام الزامات کو بےبنیاد ٹھہرا دیا۔

خیال رہے کہ محسن عباس کی شادی فاطمہ سہیل سے 2015 میں ہوئی تھی۔

2016 میں محسن عباس حیدر کی اپنی اہلیہ سے علحیدگی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں تاہم اداکار نے خاموشی اختیار کی جبکہ بعدازاں ان خبروں کو بےبنیاد کہا گیا۔

2017 میں اداکار کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے ماہ وین عباس رکھا تھا۔

البتہ اس ہی سال دسمبر میں اداکار کی بیٹی کا انتقال ہوگیا تھا، جس کا اعلان بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024