عامر لیاقت اور عدنان سمیع کے درمیان ٹوئٹر پر شدید لفظی جنگ
تحریک انصاف کے رہنما اور معروف اینکر عامر لیاقت حسین اور پاکستان چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار عدنان سمیع خان کے درمیان ٹوئٹر پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔
عدنان سمیع خان اکثر ٹوئٹر پر پاکستان مخالف متنازع ٹوئیٹس کرتے رہتے ہیں اور ایسے ہی ایک ٹوئیٹ پر عامر لیاقت حسین کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔
عدانان سمیع نے پاکستان کی حراست میں رہنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے حوالے سے ایک متنازع ٹوئیٹ کیا تھا 'ہاں وہ گیا، ایف 16 کو گرایا، ایک کپ چائے کا پیا اور واپس آکر ویر چکر حاصل کرلیا، زبردست'۔
اور عامر لیاقت اس پر خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے لکھا 'ہاں وہ چلا گیا، اپنی شناخت کو شوٹ اور چائے پی کر اپنے آباﺅ اجداد کی قبروں کی بے حرمتی کی، پاکستان سے نفرتیں سمیٹیں، بے وقوف'۔
دونوں کے درمیان لڑائی اس وقت بڑھ گئی جب عدنان سمیع نے واپس جواب دیتے ہوئے پاکستانی اینکر کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں کم عقل اور قابل ترس زندگی گزارنے والا قرار دیا۔
جس پر عامر لیاقت نے بھی جواب دیتے ہوئے عدنان سمیع کو نفرت اور خودپسندی سے بھرے پھوڑے جیسا قرار دیا جو ہر وقت اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کے لیے غلاظت تحریر کرتا رہتا ہے۔
اس کے بعد بظاہر عدنان سمیع خان کا کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عدنان سمیع خان نے ٹوئٹر پر ایک پاکستانی صارف کو جواب دیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور تم لوگوں کو ایسی چیزوں میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے جو تمہاری نہیں، اس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
تبصرے (1) بند ہیں