کراچی میں موسلادھار بارش، 3 افراد جاں بحق
کراچی میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں اتوار کو ایک مرتبہ پھر موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد علاقوں سے بجلی بھی غائب ہوگئی جبکہ کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں کم از کم 3 افرادجاں بحق ہوگئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق بارش کے دوران لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ کے قریب بجلی کا کرنٹ لگنے سے 35 سالہ سلیم حاجی جاں بحق ہوگئے۔
چھیپا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس کے قریب بارش کے گھر کی چھت بیٹھ جانے سے 30 سالہ عبدالستار جاں بحق اور ان کا 25 سالہ بھائی ساگر زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں:کراچی: گڑھے میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر 3 کم سن بھائی جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث کرنٹ لگنے کا ایک اور واقعہ ایئرپورٹ کے چھوٹا گیٹ کے قریب موریا گوٹھ میں پیش آیا جہاں 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
بارش کے بعد شہر کے متعدد رہائشی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں، صدر کی زیب النسا اسٹریٹ، ایمپریس مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں گٹر ابلنے لگے اور گھٹنوں پانی جمع ہوگیا۔
شارع فیصل، کورنگی روڈ، یونیورسٹی روڈ اور کراچی پریس کلب کے سامنے بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا جبکہ متعدد علاقوں میں بارش کے پانی میں گاڑیاں پھنس گئیں اور ٹریفک جام ہوگیا۔
گلشن اقبال میں 13-ڈی کا علاقہ، سرجانی ٹاؤن، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کے بعد پانی جمع ہوگیا، ملیر ندی، لیاری ندی اور تھیڈو ڈیم بھی بارش کے پانی سے بھر گئے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں وقفے وقفے سے بارش، نشیبی علاقے زیرآب، ایک شخص جاں بحق
محکمہ موسمیات کے عہدیدار کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی جہاں 40 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ نارتھ کراچی میں 39 ملی میٹر، صدر میں 25 ملی میٹر، ناظم آباد میں 18 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ میں 7 ملی میٹر، شارع فیصل میں 16 ملی میٹر، جناح ٹرمینل اور اطراف میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ شہر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں جولائی میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے بعد بارشوں کا یہ چوتھا سلسلہ ہے۔
مزید پڑھیں:سندھ میں بارش، کراچی میں بجلی کا نظام درہم برہم، 16 افراد جاں بحق
جولائی کے اواخر میں شہر قائد میں ہونے والی بارش میں کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں 17 افراد جاں بحقہوگئے تھے، جس میں 4 نوجوان بھی شامل تھے جبکہ نارتھ ناظم آباد میں بھی کرنٹ لگنے سے دو کم عمر لڑکے بھی جاں بحق ہوئے تھے۔
عیدالاضحیٰ سے قبل ماہ اگست میں مون سون بارشوں سے بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے اور نظام زندگی مفلوج ہوگیا جبکہ مختلف حادثات میں بچے سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
کراچی میں 28 اگست کو بھی موسلادھار بارش ہوئی تھی اور نئی سبزی منڈی کے قریبی علاقے میں گڑھے میں جمع پانی میں ڈوب کر 3 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔