• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کا افتتاح

شائع September 1, 2019
پی سی بی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات دینے کا بھی اعلان کیا—فوٹو:پی سی بی
پی سی بی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات دینے کا بھی اعلان کیا—فوٹو:پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے آئین کے تحت 20-2019 کے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کی رونمائی کردی، جہاں 6 ٹیموں کے علاوہ میچوں میں کوکابورا گیند استعمال کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا۔

لاہور میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور دیگر نے ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے اسٹرکچر کی تقریب میں شرکت کی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے اسٹرکچر سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتری آئے گی جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر کامیابیوں کے حصول میں مدد ملے گی۔

بورڈ کا کہنا تھا کہ ‘نئے اسٹرکچر میں کلب کرکٹ کو اہمیت دی گئی ہے جس سے کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک بہترین ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘نئے اسٹرکچر میں سابق کھلاڑیوں اور کوالیفائیڈ کوچز کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس سے قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کے معیار میں پائے جانے والے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی’۔

یہ بھی پڑھیں:ہیڈ کوچ سمیت ٹیم انتظامیہ کے انتخاب کیلئے 5 رکنی پینل تشکیل

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پی سی بی کے نئے آئین کی منظوری 9 اگست کو دی تھی جس کے تحت 16 ریجنز کو 6 ایسوسی ایشنز میں ضم کردیا گیا تھا۔

بورڈ کے اعلامیے کے مطابق ‘نئے اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو 3 مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے’۔

پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں کے حوالے سے کہا کہ ‘پہلے درجے میں 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز، اسکول اور کلب کرکٹ کا انعقاد کریں گی جس کے بعد ہر سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن اپنی اپنی کرکٹ ٹیمیں تیار کرے گی’۔

دوسرے درجے میں ‘سٹی کرکٹ ٹیمیں اپنی متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے تحت انٹرا سٹی مقابلوں میں شرکت کریں گی، تیسرے درجے میں انٹرا سٹی کرکٹ مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو متعلقہ ایسوسی ایشن میں شامل کیا جائے گا’۔

نئے ڈومیسٹک نظام کے تحت کھلاڑیوں کو معیاری کرکٹ اور کھیل میں جدت لانے کے ضروری ہنر سکھانے کے لیے ملک بھر میں 6 ہائی پرمارمنس سینٹرز قائم کردیے جائیں گے۔

پی سی بی نے ‘نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں کھلاڑیوں کی مراعات میں اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایسوسی ایشن میں 32 کھلاریوں کو سالانہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیا جائے گا’۔

ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑی ‘ایسوسی ایشن کے لیے فرسٹ کلاس، نان فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلیں گے تاہم یہ کھلاڑی پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں ہوں گے’۔

کرکٹ ایسوسی ایشنز کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ کنٹرکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے علاوہ کسی بھی کھلاڑی کو میچ کا معاوضہ ادا کرکے ٹیم میں شامل کرسکتی ہیں۔

نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت قومی کرکٹ سیزن 14 ستمبر سے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ اور قائداعظم ٹرافی سے ہوگا۔

ڈومیسٹک ٹورنامنٹس

قائداعظم ٹرافی کا آغاز 14 ستمبر سے ہوگا اور 13 دسمبر تک جاری رہے گا جو 4 روزہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ ہوگا تاہم فائنل میچ 5 روز پر مشتمل ہوگا۔

قومی انڈر-19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے تین روزہ اور ایک روزہ مقابلے ہوں گے جو یکم اکتوبر سے 12 نومبر تک جاری رہیں گے۔

3 روز پر مشتمل میچوں کی قائداعظم ٹرافی 14 ستمبر سے 29 نومبر تک ہوگی جس کافائنل 4 روزہ ہوگا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز 13 اکتوبر کو ہوگا اور فائنل 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جس کے لیے فرسٹ الیون کے میچز فیصل آباد اور سیکنڈ الیون کے میچز کراچی میں ہوں گے۔

پاکستان کپ کے نام سے ایک روزہ ٹورنامنٹ ہوگا جو فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے تحت ہوگا جس کے مقابلے 29 مارچ سے 27 اپریل تک جاری رہیں گے۔

کوکابورا گیند

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں کوکابورا گیند استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

بورڈ نے ڈومیسٹیک کرکٹ میں بہتری کے لیے آئندہ سیزن سے قبل کھیل کی سہولیات، پچز، آؤٹ فیلڈ، ڈریسنگ رومز، میڈیا اور براڈ کاسٹنگ کے معیار کو بھی اپ گریڈ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کے بیان کے مطابق کراچی، لاہور، ملتان، راولپنڈی اور کوئٹہ کے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے 2 ارب روہے مختص کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024