انسداد دہشتگردی آپریشنز نے پاک فوج کو جنگ کیلئے سخت جان بنا دیا، آرمی چیف
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو جنگ کے لیے سخت جان بنا دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کور اور پاکستان رینجرز پنجاب کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ 'انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو جنگ کے لیے سخت جان بنادیا ہے اور ہم ثابت قدم ہیں'۔
مزید پڑھیں: کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے مکمل تیار ہیں، آرمی چیف
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'مجھے اپنے افسران اور جوانوں پر فخر ہے جو قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہیں'۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف نے گوجرانوالہ کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا، جہاں انہیں آپریشنل تیاروں سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔
اس حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ اپنے دورے کے موقع آرمی چیف نے کہا کہ' قوم کی جانب سے کشمیر آور میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار دنیا کے لیے ایک سخت پیغام ہے'۔
ساتھ ہی جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ 'مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی صورتحال علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے، آرمی چیف
اس سے قبل 24 اگست کو گلگت میں فارمیشن ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا تھا کہ ہم مشرقی سرحد پر خطرے سے آگاہ ہیں اور کسی بھی 'مس ایڈونچر' یا جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق 5 اگست کے اقدامات کے بعد خطے کی مجموعی صورتحال کشیدہ ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور اس اقدام سے ایک روز قبل ہی وادی میں کرفیو نافذ کردیا تھا جبکہ وہاں تمام مواصلاتی رابطے بھی منقطع کردیے گئے تھے۔