• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

محرم الحرام ضابطہ اخلاق: ’ڈی ایس این جی جلوس کا حصہ نہیں ہوگی‘

شائع August 29, 2019 اپ ڈیٹ August 30, 2019
میڈیا کو سیکیورٹی فراہم کرنا بھی پولیس کی ذمہ داری ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
میڈیا کو سیکیورٹی فراہم کرنا بھی پولیس کی ذمہ داری ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی شرجیل کھرل نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوسوں کے دوران میڈیا چینلز کی ڈیجیٹل سیٹلائٹ نیوز گیدھرنگ (ڈی ایس این جی) وینز جلوس کا حصہ نہیں ہوگی۔

محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات پر نظر ثانی کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل جنوبی شرجیل کھرل کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں بین المذاہب ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ اخلاق تشکیل دیا گیا۔

بعدازاں ڈی آئی جی جنوبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے لیے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے اور اس حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: یوم علی کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور پولیس کی جانب سے ایک دوسرے سے تعاون اہم ہے اور میڈیا کو سیکیورٹی فراہم کرنا بھی پولیس کی ذمہ داری ہے۔

ڈی آئی جی جنوبی نے میڈیا نمائندگان کو اپنی گاڑیاں مرکزی جلوس کے روٹ سے دور رکھنے پر زور دیا اور ناخوشگوار واقعات کی رپورٹ پولیس کو دینے کی ہدایت جاری کی۔

شرجیل کھرل نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اچھی شہرت رکھنے والے علما کو ترجیح اور کوریج دینی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: سخت سیکیورٹی میں 9 محرم کے جلوس

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ گستاخانہ مواد نشر کرنے سے گریز کریں اور ایسے مواد کی اطلاع پولیس کو دیں۔

ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ ڈی ایس این جی کی خصوصی نگرانی کی جانی چاہیے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ اعلان بھی کیا ’ ڈی ایس این جی جلوس کا حصہ نہیں ہوگی‘ ۔

شرجیل کھرل نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں سے صحافی جلوسوں سے متعلق تمام معلومات حاصل کرسکیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024