• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پاکستان کا 290 کلومیٹر تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل ’غزنوی‘ کا کامیاب تجربہ

شائع August 29, 2019
آئی ایس پی آر کے مطابق بیلسٹک میزائل 290 کلومیٹر تک ہرقسم کے وارہیڈز لے جانے اور مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے — فوٹو: اسکرین شاٹ
آئی ایس پی آر کے مطابق بیلسٹک میزائل 290 کلومیٹر تک ہرقسم کے وارہیڈز لے جانے اور مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے — فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان دیتے ہوئے یہ اعلان کیا اور بتایا کہ 'میزائل 290 کلومیٹر تک ہرقسم کے وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کامیاب تجربے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز سربراہان نے سائنسدانوں اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'صدر مملکت اور وزیراعظم نے میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی اور سائنسدانوں اور ماہرین کی کاوشوں کو سراہا'۔

انہوں نے بتایا کہ میزائل تجربہ رات کے وقت کیا گیا۔

یاد رہے کہ غزنوی بیلسٹک میزائل حتف -3 کا دوسرا نام ہے جو پاک فوج کی سروسز میں پہلی مرتبہ 2004 میں شامل کیا گیا تاہم 2002 اور 2003 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ہی اس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

اس میزائل کو مکمل طور پر پاکستان میں ہی کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز اور اسپارکو نے تیار کیا ہے۔

مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل (ایس بی آر ایم) غزنوی 290 سے 320 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ 700 کلو تک بارودی مواد بھی اپنے ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ اس میزائل سے پاکستان کی نہ صرف دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ حریف ایٹمی ملک بھارت کے کئی قریبی شہر بشمول امرتسر، لدھیانا اور چندریگڑھ نشانے پر ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مئی میں پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 2 کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین 2 میزائل روایتی اور جوہری دونوں اقسام کے ہتھیاروں کو 15سو کلومیٹر سے زائد کی رینج تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جنوری میں پاکستان نے دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ نے میزائل کی کامیاب آزمائشی لانچنگ کی جس کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور تکنیکی تیاریوں کو آزمانا ہے۔

نصر میزائل کم فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، نصر میزائل اعلیٰ شوٹ اینڈ اسکوٹ نظام کا حامل ہے جو پرواز کے دوران حرکت کرنے والے ہدف کو نشانہ بنانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ میزائل بھرپور دفاعی صلاحیت سے لیس ہے اور دشمن کے بیلسٹک میزائل اور دیگر ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024