ہیڈ کوچ سمیت ٹیم انتظامیہ کے انتخاب کیلئے 5 رکنی پینل تشکیل
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اور باؤلنگ کوچ سمیت معاون اسٹاف کے انتخاب کے لیے 5 رکنی پینل تشکیل دے دیا۔
پی سی بی کے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیم انتظامیہ کی تلاش کے لیے تشکیل دیے گئے پینل میں سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم، سابق کھلاڑی بازید خان، بورڈ آف گورنرز کے رکن اسد علی، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان شامل ہیں۔
بورڈ کی جانب سے تشکیل دیا گیا یہ 5 رکنی پینل ٹیم انتظامیہ کے انتخاب کے لیے درخواست گزاروں کے انٹرویوز کرے گا۔
بیان کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کے امیدواروں کے انٹرویوز جمعرات کو ہوں گے، جس کے بعد پینل امیدواروں کے نام کو حتمی شکل دے گا۔
مزید پڑھیں:مصباح کرکٹ کمیٹی سے مستعفی، ہیڈ کوچ کیلئے درخواست دے دی
پی سی بی کی جانب سے ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کے ناموں کا اعلان پینل کی سفارشات کی روشنی میں کیا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے نام منتخب کرنے بعد بیٹنگ اور اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچز کے امیدواروں کے انٹرویوز ہوں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ بورڈ انٹرویوز کے لیے منتخب کیے گئے تمام امیدواروں کے نام جاری نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کی دوڑ میں وقار یونس بھی شامل
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ورلڈ کپ کے بعد ان کے معاہدے کی مدت مکمل ہونے پر توسیع نہیں دی گئی تھی۔
پی سی بی نے اظہر محمود کو بھی بطور باؤلنگ کوچ نیا معاہدہ نہیں دیا تھا، جس پر اظہر محمود نے کہا تھا کہ انہیں کہا گیا کہ نئے لوگوں کو موقع دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب سابق کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔
مصباح الحق کو گزشتہ ہفتے پی سی بی کے کنڈیشنگ کیمپ کی ذمہ داری گئی تھی جس دوران ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر ہیڈ کوچ کے لیے درخواست دی تو کرکٹ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہوجاؤں گا۔
بعد ازاں مصباح الحق پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی سے مستعفی ہوگئے تھے۔
اس موقع پر مصباح الحق نے کہا تھا کہ ‘پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے باظابطہ طورپر درخواست جمع کروائی ہے تاہم درخواست جمع کروانے سے قبل ہی عہدے کے لیے نام گردش کرنا ایک دلچسپ امر ہے’۔
مزید پڑھیں:کوچنگ کے لیے مصباح الحق کا نام کیوں اور کیسے آیا؟
ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اس بات کا ادراک ہے کہ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے کئی نامور افراد نے درخواست جمع کروائی ہوگی، اس لیے سخت مقابلہ متوقع ہے’۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے 9 اگست کو اشتہار جاری کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ہیڈ کوچ کے انتخاب کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کرلیا جائے گا تاکہ 27 ستمبر سے سری لنکا کے خلاف ہونے والی سیریز سے قبل نیاہیڈ کوچ چارج سنبھال سکیں۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے سابق کھلاڑی اعجاز احمد کو دو روز قبل ہی انڈر 19 ٹیم کا کوچ مقرر کردیا تھا۔