• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حمزہ علی عباسی سے شادی سے 9 ماہ قبل اداکاری چھوڑ دی تھی: نیمل خان

شائع August 28, 2019
دونوں نے 25 اگست کو سادگی سے شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 25 اگست کو سادگی سے شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

تین دن قبل 25 اگست کو اداکار حمزہ علی عباسی سے شادی کرنے والی نیمل خاور خان کے حوالے سے شادی کے 2 دن بعد یہ خبر سامنے آئی کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔

نیمل خاور خان اور حمزہ علی عباسی نے 25 اگست کو سادگی سے نکاح کرنے کے بعد اسلام آباد کے ہوٹل میں شاندار ولیمے کی تقریب 27 اگست کو رکھی تھی۔

جہاں دونوں کے ولیمے کی تقریب ہو رہی تھی، وہیں میڈیا میں یہ خبر سامنے آئی کہ نیمل خاور خان نے حمزہ علی عباسی سے شادی کرنے کے 2 دن بعد ہی اداکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔

میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں نیمل خاور خان کی سوشل میڈیا پوسٹ کو بنیاد بناتے ہوئے بتایا گیا کہ انہوں نے شادی سے محض 2 دن بعد ہی شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔

بعض خبروں میں دعویٰ کیا گیا کہ نیمل خاور خان نے شوہر حمزہ علی عباسی کی ہدایات پر شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور شادی کے بندھن میں بندھ گئے

خبروں میں نیمل خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ کو بنیاد بنایا گیا تھا، جس میں اداکارہ نے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔

زندگی کے انتہائی خاص دنوں کو جھوٹی خبر کے ذریعے خراب کیا جا رہا ہے، نیمل خان—فوٹو: ٹوئٹر
زندگی کے انتہائی خاص دنوں کو جھوٹی خبر کے ذریعے خراب کیا جا رہا ہے، نیمل خان—فوٹو: ٹوئٹر

اس پوسٹ میں نیمل خاور خان نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی بتایا کہ اب ان کے مدح مزید انہیں فلموں اور ڈراموں میں دیکھ نہیں پائیں گے، تاہم وہ ان کی پینٹنگز کی نمائش دیکھ سکیں گے۔

نیمل خاور خان نے پوسٹ میں بتایا کہ ان کا پہلا پیار آرٹ تھا، اس لیے اب انہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا۔

مزید پڑھیں: سادگی سے نکاح کے بعد حمزہ علی عباسی کا شاندار ولیمہ

اسی پوسٹ کے آخر میں نیمل خان نے مداحوں کو سال نو کی ایڈوانس مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پوسٹ میں سال نو کی ایڈوانس مبارک باد جیسا جملہ ہونے کے باوجود نیمل خان کی پوسٹ کو نیا سمجھا گیا اور اسے بنیاد بنا کر دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے حمزہ علی عباسی کے کہنے پر ایسا فیصلہ کیا۔

تاہم اپنی پرانی پوسٹ پر میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں پر نیمل خان نے ٹوئٹر پر وضاحت کرتے ہوئے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو کرارا جواب دیا۔

نیمل خاور نے اپنی سلسلہ وار ٹوئیٹس میں غلط خبر چلانے اور اس پر طرح طرح کے تبصرے کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’وہ ایک بالغ اور خود مختار خاتون ہیں اور وہ اپنی زندگی سے متعلق فیصلے کرنے میں مکمل آزاد ہیں اور انہیں اپنے ذاتی فیصلے دوسروں کے مشوروں سے کرنے کی ضرورت نہیں‘۔

دونوں کا ولیمہ 27 اگست کو اسلام آباد میں ہوا—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کا ولیمہ 27 اگست کو اسلام آباد میں ہوا—فوٹو: انسٹاگرام

نیمل خاور خان نے شادی پر نیک خواہشات کے پیغام دینے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے پرانی پوسٹ کے حوالے سے وضاحت کی کہ وہ ان کی 9 ماہ پرانی پوسٹ ہے، جس کو بنیاد بنا کر جھوٹی خبریں بنائی جا رہی ہیں۔

نیمل خاور خان نے بتایا کہ انہوں نے 9 ماہ قبل ہی اداکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان کر چکی ہیں اور ان کی اسی پرانی بات کو نئے انداز میں لے کر ان کے انتہائی اچھے دنوں کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ نیمل خاور خان نے 2 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’ورنا‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، فلم کی کامیابی کے بعد وہ ’انا‘ نامی ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئیں اور اسی ڈرامے کی شوٹنگ ختم ہونے پر دسمبر 2018 کے آغاز میں انہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان انسٹاگرام پر کیا تھا۔

دونوں کے نکاح کی تقریب انتہائی سادگی سے ہوئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر
دونوں کے نکاح کی تقریب انتہائی سادگی سے ہوئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024