• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

کراچی کا کوڑا اور مصطفیٰ کمال کو مشورہ

شائع August 28, 2019
اجی انبار اشیائے متروکہ صاحب! آپ ایک ہی جگہ پڑے اکتاگئے ہوںگے اگرمزاج گرامی پر گراں نہ گزرےتو آپ کو کہیں اورمنتقل کردیں؟— خاکہ ایاز احمد لغاری
اجی انبار اشیائے متروکہ صاحب! آپ ایک ہی جگہ پڑے اکتاگئے ہوںگے اگرمزاج گرامی پر گراں نہ گزرےتو آپ کو کہیں اورمنتقل کردیں؟— خاکہ ایاز احمد لغاری

صوبائی وزیرِ اطلاعات و محنت سعید غنی نے اطلاع دی ہے کہ کراچی میں پھیلے کچرے سے حکومتِ سندھ کا کوئی تعلق نہیں۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے کبھی عذیر بلوچ سے اس قدر واشگاف الفاظ میں اعلانِ لاتعلقی نہیں کیا جتنے واضح طور پر کراچی کے کچرے سے کیا ہے۔

نہ جانے یہ سُن کر بے چارے کچرے کے دل پر کیا گزری ہوگی۔ شاید وہ رُندھی ہوئی آواز میں کہہ رہا ہو

کیسے کہہ دوں کہ مجھے چھوڑ دیا ہے اس نے

دُور تک پھیل گئی بات شناسائی کی

جہاں تک ہماری معلومات کا تعلق ہے سندھ کی صوبائی حکومت نے کراچی کے کوڑے سے خود اس وقت تعلق جوڑا تھا جب شہر میں صفائی ستھرائی کی ذمے داری بلدیاتی اداروں سے لے کر حکومتِ سندھ کے ماتحت ادارے ’ویسٹ منیجمنٹ بورڈ‘ کے سُپرد کردی گئی تھی۔

شہری اب تک حیران ہیں کہ صوبائی حکومت کو کیا پڑی تھی کہ اس نے ’گندگی اِدھر آ جا، ہم تجھے گزاریں گے‘ کہتے ہوئے کچرے کی ذمے داری اپنے سر لے لی۔ پیپلزپارٹی کی حکومت شاید سمجھ نہ پائی کہ ہاتھوں کی صفائی دکھانے اور کسی شہر کو صاف رکھنے میں بڑا فرق ہے۔ اب اس سلوک پر اگر کراچی کا کچرا یہ شکوہ کرے ’تم نے اپنا بنا کے چھوڑ دیا‘ تو بے جا نہ ہوگا۔

کوئی لاتعلقی کا اظہار کرے یا تعلق نبھائے، ہم کراچی والوں کا تو گلیوں، چوراہوں، سڑک کنارے اور خالی پلاٹوں پر پڑے کچرے، گٹر کے بہتے پانی اور غلاظت سے بھرے ابلتے نالوں سے ایسا ناطہ جُڑ گیا ہے کہ ہم نے بعض شہریوں کے کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر کے پاس کھڑے ہوکر گاتے دیکھا:

پیار کا وعدہ ایسے نبھائیں

تو ’اُٹھے‘ تو میں مرجاﺅں

میں ’اُٹھوں‘ تو تُو مرجائے

شہریوں کی کچرے سے الفت کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ وہ ہر وقت آتے جاتے اسے دیکھتے ہیں، یوں پہلے کوڑے سے اپنائیت ہوئی پھر اس سے محبت ہوگئی۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ کوڑے کے ڈھیر محلوں، علاقوں، عمارتوں اور مکانوں کی پہچان بن گئے ہیں۔ لوگ ایک دوسرے کو اپنے گھر کا پتا یوں سمجھاتے ہیں ‘بھیے! کچرے کا ڈھیر جہاں ختم ہوریا ہے ناں، بس وہیں تیرے بھائی کا گھر ہے۔‘

موبائل فون پر بھیجے گئے محبت ناموں میں ملاقات کے لیے لکھا ہوتا ہے، ’اچھا اب بات سُن، کل 7 بجے کوڑے کی پہاڑی کی اُلی سائٹ پر آجائیو، جدھر گٹر کی گند پڑی ہے، اُدھر کوئی نہیں ہوتا۔ دیکھ تُو گند مت کیجیو، آجائیو، فرشٹ ٹیم بلاریا ہوں تیرے کو، چراند کری تو کسی اُور کو پَٹا لوں گا۔‘

کوڑے کی یہ محبت، افادیت اور ضرورت ہی ہے جس کے باعث محض شہریوں کے خیال سے حکومتِ سندھ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی دونوں متفق ہیں کہ جب شہریوں اور کچرے میں اتنی اپنائیت ہے تو غیر ’اسے‘ اٹھائے کیوں؟

لیکن شاید پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال صاحب شہریوں اور کچرے کے باہمی تعلق سے باخبر نہیں اسی لیے انہوں نے دعویٰ کردیا ‘90 دن میں شہر صاف کرسکتا ہوں۔‘

ہمیں تو ان کے تجربے کی بنیاد پر یقین ہے کہ وہ نہ صرف شہر کا کچرا اٹھا سکتے ہیں بلکہ اس کی ’ری سائکلینگ‘ کرکے کارآمد بھی بنا سکتے ہیں! حیرت ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی ان کے دعوے پر یقین کرکے انہیں شہر کی صفائی کے پروجیکٹ کا ڈائریکٹر مقرر کردیا اور مصطفیٰ کمال نے صفائی کا ‘یہ پروجیکٹ بھی‘ قبول کرلیا۔

اس سے پہلے وہ اپنی سابقہ پارٹی کے کارکنوں کی صفائی اور دُھلائی کا منصوبہ قبول کر اور کامیابی سے چلا چکے ہیں۔ بس فرق یہ تھا کہ اس منصوبے کے لیے کچرا اٹھا کر دوسرے لاتے تھے، اس منصوبے کے لیے کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا سارا کمال مصطفیٰ کمال ہی کو دکھانا تھا۔

مگر وہ ‘آکے بیٹھے بھی نہ تھے اور نکالے بھی گئے‘۔ ہوا یوں کہ میئر پر اچانک یہ عقدہ کُھلا کہ مصطفیٰ کمال بدتمیز ہیں، سو انہیں گاربیج پروجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹادیا گیا۔ بات ٹھیک ہے، وسیم اختر جیسے باادب، باتمیز اور شائستہ انسان کے لیے کسی بدتمیز کے ساتھ کام کرنا کیسے ممکن ہے؟ وسیم اختر صاحب خود ہمیشہ تمیز کے دائرے میں رہتے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ دائرہ پھیل کر بدتمیزی کی حدود پار کرجائے اور ‘گھر گھر مُجروں‘ کی خبر لائے۔

میئر کراچی کے اس فیصلے سے یہ اندازہ بھی ہوا کہ انہیں مذکورہ عہدے کے لیے کسی نہایت تمیزدار شخص کی ضرورت ہے، جو لکھنوی تہذیب کا مُرقع ہو اور کوڑے کے ڈھیروں کے پاس کھڑا ہوکر کہے، ’اَجی انبارِ اشیائے متروکہ و تلف شدہ صاحب! آپ ایک ہی جگہ پڑے پڑے اُکتا گئے ہوں گے، اگر مزاج گرامی پر گِراں نہ گزرے اور اجازت ہو تو ہم پوری عزت و تعظیم کے ساتھ آپ کو یہاں سے اُٹھا کر کہیں اور منتقل کردیں؟‘

ہمیں یقین ہے کہ ایم کیو ایم جیسی ‘نفیس’ حضرات کی جماعت میں ایسا شخص آسانی سے دستیاب ہوجائے گا۔

رہے مصطفیٰ کمال، تو ان کا مسئلہ سیاست سے زیادہ فراغت ہے۔ انہوں نے پاک سرزمین پارٹی تو بنالی، لیکن ‘شاد باد‘ نہ ہوسکے، کیونکہ ‘قوت اخوت عوام’ میسر نہ ہونے کے باعث منتخب ایوانوں سے باہر ہی رہے، چنانچہ خود کو ‘رہبر ترقی و کمال‘ ثابت کرنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا، حالانکہ ’مرکزِ یقین‘ پر انہیں پورا یقین تھا مگر ‘پاک سرزمین کا نظام’ ان کے لیے جگہ نہ بنا سکا۔ اب وہ کچھ کرکے دکھانا چاہتے ہیں۔ وسیم اختر کی پیشکش کی صورت میں ایک اچھا موقع ہاتھ آیا تھا مگر میئر کراچی نے ہاتھ بڑھا کر پیچھے ہٹا لیا۔

مصطفیٰ کمال صاحب کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ کچرے کو چھوڑیں، مکھیوں پر توجہ دیں جنہوں نے کراچی پر یلغار کردی ہے۔ کیا دور تھا جب کراچی میں ان لوگوں کو اقتدار حاصل تھا جو ناک پر مکھی نہیں بیٹھنے دیتے تھے، پھر انہوں نے اپنے قائد کو ہی دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال دیا اور اب یہ زمانہ ہے کہ ہر ناک پر مکھی بیٹھی ہے۔

اس صورتحال میں اگر مصطفیٰ کمال مکھی مار مہم چلائیں تو انہیں مصروفیت اور شہریوں کو مکھیوں سے نجات مل سکتی ہے۔ یہاں ہم واضح کردیں کہ مکھی مارنا بہت آسان ہے، اس کے لیے نہ گولی کی ضرورت پڑتی ہے نہ بوری کی، اس کے قتل کے لیے ہاتھ، کتاب، اخبار سمیت کچھ بھی ہتھیار کا کام کرسکتا ہے۔

آخری بات یہ کہ مکھی مار مہم چلاتے ہوئے انہیں خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ کراچی کے فارغ ہیں اگر ‘لندن کے فارغ’ ہوتے تو ڈینگیں ہی مار سکتے تھے کہ وہاں مکھیاں میسر نہ آتیں۔


یہ ایک طنزیہ تحریر ہے۔

عثمان جامعی

عثمان جامعی شاعر، قلم کار، مزاح نگار، بلاگر، صحافی ہیں۔ آپ کی تین کتابیں شائع ہوچکی ہیں، جن میں فکاہیہ مضامین کا مجموعہ ’کہے بغیر‘، شعری مجموعہ ’میں بس ایک دیوار‘ اور کراچی کے حوالے سے ناول ’سرسید، سینتالیس، سیکٹرانچارج‘ شامل ہیں۔ آپ اس وقت ایک اخبار میں بطور ’سنڈے میگزین‘ انچارج ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Muhammad Hussain Vohra Aug 29, 2019 02:36pm
AOA, Sir, how you represent Karachi wala's is simply outstanding. I am becoming fan of your write-ups. Kindly advice where i can follow you for your write-ups. Best regards. Muhammad Hussian Vohra
usman jamaie Sep 02, 2019 01:42pm
@Muhammad Hussain Vohra thanks, u can follow me on facebook https://www.facebook.com/usmanjamaie.jamaie

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024