• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حکومت آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے، بلاول بھٹو

شائع August 26, 2019 اپ ڈیٹ August 27, 2019
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے—فوٹو:ڈان نیوز
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت سیاسی مخالفین کو گرفتار کررہی اور سابق صدر آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن کسی دباؤ میں آئے بغیر اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اڈیالہ جیل میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘جیل میں حکومت کے اپنے ڈاکٹروں نے کہا کہ سابق صدر زرداری کو یہ بیماریاں ہیں، ان کا یہ معائنہ کروانا ہے اس لیے انہیں فوراً ہسپتال بھیج دیں مگر حکومت اور جیل حکام انکار کررہے ہیں حالانکہ ان ڈاکٹروں کو بلانے کی درخواست آصف زرداری نے کی تھی’۔

مزید پڑھیں:جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ ‘پیپلزپارٹی نے ماضی میں بھی یہ دیکھا ہے، ہمیں نہیں پتہ کہ معاملہ کتنا سنجیدہ اور اہم ہے کیونکہ میں ڈاکٹر نہیں ہوں، تاہم اس کے باوجود ڈاکٹر کےمشورے پر عمل نہیں ہورہا ہے’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘ہم نے دیکھا کہ کس طریقے سے اس ریاست، اس نظام، اس عدلیہ اور ان جیلوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوئی اور آج ہم یہ سمجھتے ہیں کہ حکومتِ وقت زرداری کو طبی سہولیات نہ دے کر اور اپنے ڈاکٹروں کے مشورے کو نہ مان کر زرداری کے کو قتل کی کوشش کررہی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم عدالت میں جائیں گے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے یہ کہا گیا ہے لیکن حکومت اس پر عمل نہیں کررہی ہے، خدا نخواستہ اگر کچھ زرداری کی صحت کے ساتھ ہوتا ہے تو جولوگ اس پر عمل نہیں ہونے دے رہے ہیں یہ نامزد لوگ قصور وار ہوں گے’۔

یہ بھی پڑھیں:جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری کی بہن فریال تالپور بھی گرفتار

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ‘پی پی پی کی رہنما فریال تالپور کو ہسپتال سے غیر قانونی طریقے سے جیل لایا گیا ہے اور اب ان کا سندھ اسمبلی میں جہاں عوام کی نمائندگی ہوتی ہے، اس کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہورہا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘نہ صرف سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جارہا بلکہ سیاسی مخالفین کی خواتین کو بھی نشانہ بنارہے ہیں جبکہ ہماری ثقافت، ہماری روایت، ہمارا دین اور بطور مسلمان اور پاکستانی آپ کو سیکھایا جاتا ہے کہ آپ عورتوں کی عزت کریں مگر عمران خان نے چادر اور چاردیواری کو بھی پامال کردیا ہے’۔

وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘جس کو اپنی بیٹی یا اپنی بہن یا اپنی والدہ کا کوئی خیال نہ ہوتو پھر وہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ یہ حرکتیں کرکے سمجھتا ہے کہ سیاسی مخالفین کو توڑ سکتے ہیں لیکن یہ عمران صاحب کی بھول ہے’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘ہمارے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس کو برداشت کریں گے کیونکہ ہم نے ماضی میں بھی برداشت کیا ہے لیکن جوظلم پاکستان کے عوام کے ساتھ کیا جارہا اس کو ہم بالکل برداشت نہیں کرسکتے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس ملک کے ہر طبقے کا معاشی قتل ہورہا ہے’۔

'پی پی پی فاشزم کا مقابلہ کرنا جانتی ہے'

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘نیازی حکومت نے میڈیا اور جمہوریت پر حملہ کیا ہے لیکن پی پی پی فاشزم کا مقابلہ کرنا جانتی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘عمران نیازی آج کل بھارت میں مودی کے ظلم پر بات کرتے ہوئے نازیوں کی بات کرتے ہیں کہ وہ بڑے جرمنی میں بڑے فاشسٹ ہوتے تھے اور مودی ان کی نقل کررہے ہیں، ہم کہتے ہیں نازی تو فاشسٹ تھے ہی لیکن ہمارے ہاں ایک نیازی ہے جو ان سے بھی زیادہ فاشسٹ ہے’۔

یہ بھی پڑھیں:فریال تالپور رات گئے ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل

چیئرمین پی پی پی نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے ‘پاکستان میں میرے میڈیا کے بھائیوں کی آزادی ختم کی ہے اور جمہوریت پر حملہ کر رہے ہیں جبکہ انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ‘اپنے سیاسی مخالفین کو چن چن کر گرفتار کرلیا ہے، کسی کو کسی بہانے سے اور کسی کو دوسرے بہانے سے، یہاں تک اپنے سیاسی مخالفین کے گھروں کی عورتوں کو بھی کسی ثبوت اور کسی جرم کے بغیر گرفتار کرلیا ہے اور یہ فاشزم ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پیپلز پارٹی فاشزم کا مقابلہ کرنا جانتی ہے اور ہم آپ کو ہر محاذ پر بے نقاب کریں گے’۔

بلاول نے کہا کہ ‘اس وقت میں پورے ملک اور میڈیا کے سامنے بتانا چاہتا ہوں کہ یہ حکومت مجھے، میرے خاندان اور میری پارٹی کو دباؤ میں لانا چاہتی ہے اور سابق صدر زرداری کو عدالت نے جو ہدایات دی ہیں وہ پوری نہیں ہورہی ہیں’۔

مزید پڑھیں:پیپلز پارٹی کا حکومت سے آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط سامنے لانے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ‘عمران نیازی کو کشمیر پر سودا بازی کی اجازت نہیں دیں گے اور ہم ہر محاذ پر ان سے لڑیں گے کیونکہ انہوں نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، ہرنعرہ دھوکا نکلا، ہر وعدہ جھوٹا نکلا اور ہر بات پر یوٹرن لے لیا، یہ آج سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو بے وقوف بنائیں گے کہ میں نے اپنے مخالفین کو جیل رکھ دیا اور کرپشن کے خلاف جنگ کررہا ہوں’۔

کرپشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میں پاکستان کے عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ تو کہتے تھے کہ ملک میں جو بھی کرپشن ہے وہ زرداری صاحب اور میاں صاحب نے کی ہے تو اب آپ نے انہیں بند کردیا ہے اور ایک سال سے آپ کی حکومت چل رہی ہے اور اب سب کرپٹ بند ہیں تو پاکستان میں کرپشن ختم کیوں نہیں ہوئی’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘اگر سب کرپٹ لوگ بند ہیں تو آپ کے پاس بہت سارا پیسہ ہونا چاہیے اور آپ کے بجٹ میں بہت سا پیسہ ہونا چاہیے، اگر ہم سب کھا رہے تو آپ کا تو 200 ارب ڈالرز تک رسائی ہونی چاہیے، وہ سب پیسہ کہاں ہے، وہ اس لیے نظر نہیں آرہا ہے کہ یہ سب ایک تماشا ہے، پاکستان کے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا ہے اور ان کی جیب پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، اس ملک کے غریب عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے’۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘پیپلزپارٹی کسی بھی دباؤ میں نہیں آئے گی اور پیپلزپارٹی اس کٹھ پتلی ہتھکنڈوں کی وجہ سے پیچھے نہیں ہٹے گی بلکہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی’۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024