• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: 7 سالہ بچی کے 'ریپ' میں ملوث 16 سالہ لڑکا گرفتار

شائع August 23, 2019
متاثرہ بچی نے پڑوسی خاتون کو واقعے کے بارے میں بتایا—فائل فوٹو: رائٹرز
متاثرہ بچی نے پڑوسی خاتون کو واقعے کے بارے میں بتایا—فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی: پولیس نے شرافی گوٹھ میں 7 سالہ بچی کا مبینہ ریپ کرنے والے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کو گرفتار کیا، جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بچی کار ریپ کرنے کا 'اعتراف' کرلیا۔

حکام کے مطابق ملزم کم عمر لڑکی کو ملیرندی سے دور جھاڑیوں میں لے گیا تھا، جہاں اسے مجرمانہ فعل کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: 15 سالہ لڑکی کے ریپ کی تصدیق، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

ادھر ایک اور پولیس افسر شرافی گوٹھ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) فہد حسن کا کہنا تھا کہ ملزم کی عمر تقریباً 16 سال ہے اور وہ علاقے میں دکاندار کے طور پر کام کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ 20 اگست کو رات ساڑھے 8 بجے کے قریب ہوا، تاہم ملزم نے بچی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اپنے گھر والوں کو بتایا تو وہ اسے قتل کردے گا۔

تاہم واقعے کے 2 روز بعد متاثرہ بچی نے اپنی پڑوس کی خاتون کو بتایا، جس پر انہوں نے یہ بات بچی کی والدہ کو بتائی۔

بعد ازاں جمعرات کی رات کو بچی کے اہل خانہ نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا) کے تحت ایف آئی آر (2019/266) درج کروائی، جس کے بعد جمعہ کو ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی کا کہنا تھا کہ لڑکی کو گزشتہ شب جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) لایا گیا تھا، جہاں جمعہ کی صبح اس کا طبی معائنہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر لڑکی کو 'ڈیجیٹل پینیٹریشن' کا نشانہ بنایا گیا اور مزید نمونے کیمائی معائنے کی رپورٹ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ تفتیش کے پیش نظر جے پی ایم سی میں ملزم کے نمونے بھی لے لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ہسپتال میں جاں بحق ہونے والی لڑکی کا ریپ نہیں ہوا، پولیس

ملک میں بچوں اور لڑکیوں کے ریپ کے واقعات پر نظر ڈالیں تو کچھ عرصے سے اس میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ دنوں پنجاب کے شہر جہلم میں ایک 6 سالہ بچی کو مبینہ ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

قبل ازیں راولپنڈی پولیس نے 45 لڑکیوں کو اغوا کر کے انہیں ریپ کا نشانہ بنانے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا شوہر نے انکشاف کیا کہ اس کی اہلیہ لڑکیوں کو ورغلا کر گلستان کالونی میں واقع کرائے کے گھر میں لے جاتی تھی جہاں وہ انہیں ریپ کا نشانہ بناتا اور اہلیہ ویڈیوز بناتی تھی۔

اس سے قبل ماہ مئی میں کراچی میں ہی پولیس نے کم عمر لڑکی کے ریپ کی تصدیق ہونے پر متاثرہ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024