• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ماہرہ خان نے منگنی کی افواہوں پر وضاحت کردی

شائع August 23, 2019
ترکی دوستوں کی شادی میں شرکت کے لیے گئی تھی، ماہرہ خان—اسکرین شاٹ
ترکی دوستوں کی شادی میں شرکت کے لیے گئی تھی، ماہرہ خان—اسکرین شاٹ

اداکارہ ماہرہ خان جن کی حال ہی میں ایکشن ڈرامہ فلم ’ سپر اسٹار‘ ریلیز ہوئی تھی، یوں تو وہ ان دنوں اپنی فلم کی کامیابی پر خوش ہیں۔

تاہم انہوں نے رواں برس مئی میں اپنی منگنی کی افواہوں سمیت دیگر افواہوں پر پہلی بار وضاحت کردی۔

رواں برس مئی میں بھارتی میڈیا کی جانب سے ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستانی اداکارہ نے ترکی میں اپنے دیرینہ دوست سے منگنی کرلی۔

رپورٹ میں کسی کا حوالہ دیے بغیر ماہرہ خان کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر کو دیکھ کر اندازے سے بتایا گیا کہ اداکارہ نے دیرینہ دوست سلیم کریم سے منگنی کی۔

بھارتی اخبار کی جانب سے رپورٹ شائع کرنے کے بعد ماہرہ خان کی منگنی کی خبریں انٹرنیٹ اور میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

خبریں وائرل ہونے کے بعد جہاں ماہرہ خان سے منسلک قریبی ذرائع نے ڈان امیجز کو بتایا تھا کہ اداکارہ کی منگنی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

میرے حوالے سے میڈیا میں نہ صرف منگنی بلکہ کئی طرح کی جھوٹی خبریں چلیں، اداکارہ—اسکرین شاٹ
میرے حوالے سے میڈیا میں نہ صرف منگنی بلکہ کئی طرح کی جھوٹی خبریں چلیں، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ کے قریبی افراد کے مطابق ماہرہ خان دوستوں کے ساتھ ترکی میں ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لیے گئی تھیں۔

اور اب اداکارہ نے بھی منگنی کی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دوستوں کے خرچ پر ہی ان کی شادی میں شرکت کرنے گئی تھیں۔

بول ٹی وی کے پروگرام ’بول نائٹس ود احسن خان‘ میں بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے دلچسپ انداز میں کہا کہ وہ تو دوستوں کی شادی میں شرکت کے لیے گئی تھیں مگر ان کی منگنی کی جھوٹی افواہیں پھیلائی گئیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میڈیا میں ہر جگہ ان کی منگنی کے چرچے ہونے اور ان کی تصاویر شائع ہونے پر انہیں اپنی شادی میں مدعو کرنے والے دوست ناراض ہوگئے اور کہا کہ ہر جگہ ان کی ہی خبریں چل رہی ہیں اور ان کی شادی کا کوئی ذکر ہی نہیں ہو رہا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوستوں کو سمجھایا کہ میڈیا کی غلط خبروں میں ان کی کوئی غلطی نہیں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ نہ صرف ان کی منگنی بلکہ ان سے متعلق مختلف قسم کی جھوٹی خبریں میڈیا میں چلتی رہتی ہیں۔

انہوں نے پروگرام میں یہ بھی بتایا کہ انہیں اپنے متعلق میڈیا میں چلنے والی ایک افواہ بہت اچھی لگی اور ان کی خواہش تھی کہ کاش وہ سچ ہوجائے۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ یوٹیوب پر ان کے گھر سے متعلق 2 ویڈیوز وائرل ہیں، جن میں عالیشان گھر دکھا کر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ اداکارہ کے گھر ہیں۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ کاش ویڈیو میں دکھایا جانے والا ایک گھر حقیقت میں ان کا ہوجائے اور ان کی خواہش پوری ہوجائے۔

ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے ریما خان کو اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دیا، تاہم ساتھ ہی انہوں نے میرا، مہوش حیات، صبا قمر اور آمنہ الیاس کو بھی اچھی اداکارائیں قرار دیا۔

ماہرہ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم سپر اسٹار نے اچھی کمائی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
ماہرہ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم سپر اسٹار نے اچھی کمائی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

ایک اور سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کو ’جادوگر‘ رنبیر کپور کو ’تماشہ‘ اور بلال اشرف کو ’بے قرار‘ اداکار قرار دیا۔

ماہرہ خان نے اعتراف کیاکہ انہوں نے بہت ہی کم کام کیا ہے لیکن لوگوں کا خیال ہے کہ انہوں نے بہت ہی زیادہ کام کیا ہے۔

انہوں نے ایک اور خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ نعمان اعجاز اور ثانیہ سعید جیسی اداکاراؤں کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے پروگرام کے دوران فردوس جمال کو سینیئر اور ٹیلنٹڈ اداکار بھی قرار دیا۔

خیال رہے کہ کچھ ہفتے قبل فردوس جمال نے ماہرہ خان کو عمر رسیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نہ تو اچھی اداکارا ہیں اور نہ ہی ان کی عمر ایسی ہے کہ وہ ہیروئن کے کردار ادا کرسکیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024