• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تحریک انصاف کی حکومت میں خارجہ پالیسی، معیشت برباد ہوگئی، بلاول بھٹو

شائع August 22, 2019 اپ ڈیٹ August 23, 2019
بلاول بھٹو نے اسکردو میں جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: ٹوئٹر
بلاول بھٹو نے اسکردو میں جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پہلے ایک سالہ دور حکومت میں خارجہ پالیسی اور معیشت برباد ہوگئی۔

اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک کی معیشت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس گروی رکھ دی گئی تو دوسری طرف وزیراعظم کی ’نااہلی‘ کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان سفارتی محاذ پر تنہا ہوگیا ہے۔

مزیدپڑھیں: 'بلاول کو سیاست کیلئے زرداری کے بجائے بھٹو بننا پڑے گا'

ان کا کہنا تھا کہ ’آج ایک طرف کسان، مزدور اور کاروباری طبقے کے لیے مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیے گئے ہیں تو دوسری طرف بھارتی جارحیت کے خلاف کوئی ہمارا ساتھ دینے کو تیار نہیں ہے‘۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ہر شہری پریشان ہے، غریب دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے، کسان پریشان ہے کہ اس کی تیار فصل کا دام ملے گا یا نہیں۔

‘عمران خان نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا‘

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے وعدے کیے لیکن وعدے جھوٹ پر مبنی ہوں تو نبھانے مشکل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل قرض لینے پر خودکشی کا کہا لیکن بعد میں عمران خان نے نہ صرف قرض لیا بلکہ ہمارے 5 سالہ حکومت میں لیے گئے مجموعی قرض سے زیادہ قرض لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے سامنے بیانات قلمبند کرادیے

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکری دینا کا کہا کہ لیکن یہ نوکریاں تو دور انہوں نے تو جن کے پاس روز گار اور نوکری تھی، وہ بھی چھین لی، تجاوزات کے نام پر لوگوں کو چھت سے محروم کردیا گیا۔

’ڈالر کی بارش کیوں نہیں ہورہی‘

اپنے خطاب کے دوران ڈالر کی قدر میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے اقتدار کے حصول سے قبل حکومت میں آنے پر ڈالر کی بارش کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اب امریکی کرنسی کی بارش تو دور کی بات ہے، مارکیٹ میں ڈالر غائب ہے اور محض ایک سال میں ڈالر کی قدر میں 60 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے‘۔

مزیدپڑھیں: بلاول بھٹو، مراد علی شاہ کا نام جے آئی ٹی رپورٹ اور ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

ساتھ ہی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر یہ بھی الزام لگایا کہ ایک سال میں ملکی تاریخ میں سب سے کم ٹیکس جمع ہوا۔

‘مالم جبہ کرپشن کیس سرد خانے کی نذر کیوں ہے‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں انصاف اور احتساب کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ ساری اپوزیشن جیل میں اور عمران خان کے ’کرپٹ‘ ساتھی کابینہ کا حصہ ہیں اور ان کے خلاف جے آئی ٹی ہے نہ نیب‘۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 ارب روپے مالیت سے تیار ہونے والی پشاور میٹرو پر اب 100 ارب روپے کی لاگت آچکی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مالم جبہ کی کرپشن فائل سرد خانے کی نذر کردی گئی کیونکہ اس میں وزیراعظم کی کابینہ کے لوگوں کا نام شامل تھے۔

’’نئے پاکستان میں ’بزدل‘ عورت سے ٹکراتا ہے‘‘

دوران خطاب بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ ’یہ کیسا احتساب ہے؟ یہ تو سیاسی انتقام ہے، جہاں سیاسی مخالفین کے گھر کی خواتین بھی نشانے پر ہیں، ہمارے دین، ثقافت اور روایت میں خواتین کی عزت کا درس دیتا ہے لیکن نیا پاکستان میں ’بزدل‘ عورت سے ٹکراتا ہے‘۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ صرف بزدل ہی عورتوں اور بزرگوں کے پیچھے پڑتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو ان کے 70 سالہ والد نواز شریف کے سامنے گرفتار کیا جاتا ہے، پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو عید کی رات 12 بجے ہسپتال سے جیل منتقل کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کو ’ صاحبہ ‘ کہنے پر وزیراعظم عمران خان پر تنقید

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ’کرپٹ کرپٹ کا نعرہ‘ لگاکر بغیر کسی ثبوب کے ’کچھ لوگوں‘ کو جیل میں ڈال دیا جبکہ عمران خان اقتدار میں آکر ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔

‘مقبوضہ کشمیر پر سودے بازی نہیں ہونے دوں گا‘

اپنے خطاب میں انہوں نے کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کے بارے میں کہا تھا کہ یہ ہماری شہ رگ ہے جبکہ ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر کے لیے ہزار سال بھی لڑنا پڑا تو لڑیں گے، ساتھ ہی انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ ’کیا مقبوضہ کشمیر پر سودے بازی تو نہیں ہوگی؟۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کی 4 شادیاں، منصوبہ بندی ہو رہی ہے؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں ان بلند پہاڑوں، گلگت بلتستان کے عوام کو گواہ بنا کر وعدہ کرتا ہوں کہ جناح کے خواب، بھٹو کے ویژن سے غداری نہیں کرنے دوں گا، میں کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہونے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن افسوس ہے کہ اس حکومت نے کشمیر کا مقدمہ لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024