• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے پاکستانی طالبہ کی مدد کیوں کی؟

شائع August 22, 2019
ٹیلر سوفٹ کا شمار دنیا کی کامیاب گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ٹیلر سوفٹ کا شمار دنیا کی کامیاب گلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے کینیڈین صوبے انٹاریو میں رہنے والی پاکستانی طلبہ کو اس کی زندگی کا بہترین تحفہ دے دیا۔

عائشہ خرم نامی پاکستانی طلبہ ایک سال قبل ٹورنٹو میں ہونے والے ایک کنسرٹ میں ٹیلر سوئفٹ سے ملی تھیں جسے وہ اپنی زندگی کی یادگار ملاقات مانتی ہیں۔

سی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں عائشہ نے بتایا کہ ان کے والدین ان کی تعلیم کے اخراجات نہیں اٹھا پارہے تھے جس کے لیے وہ بےحد پریشان بھی تھے۔

عائشہ کا کہنا تھا کہ ان کے ٹیوشن کی فیس بہت زیادہ تھی، جس کے بعد انہوں نے انٹرنیٹ پر پریشان ہوکر لوگوں سے مدد مانگی۔

مزید پڑھیں: ریکارڈ کمائی کرنے والی 100 عالمی شخصیات میں ٹیلر سوئفٹ سرفہرست

انہوں نے بتایا کہ 'میری ایک دوست نے مجھے مشورہ دیا کہ میں پے پال اکاؤنٹ شیئر کروں تاکہ لوگ میری مدد کرسکیں اور میں نے سوچا کہ یہ خیال برا نہیں اور بس پھر میری ہر مشکل دور ہوگئی'۔

عائشہ کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کرنے کا بعد انہیں ٹیلر نیشن ایل ایل سی (Taylor Nation, LLC) کی جانب سے پیسے ٹرانسفر ہونے کا ایک نوٹیفیکیشن موصول ہوا جس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے انہیں 6 ہزار 386 کینیڈین ڈالر کی رقم تحفے میں دی، ساتھ میں ان کے نام ایک نوٹ بھی بھیجا جس ہر عائشہ کے لیے ایک پیغام تحریر تھا۔

ٹیلر سوئفٹ نے عائشہ کے لیے بھیجے پیغام میں لکھا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کریں اور ٹیلر ان سے محبت کرتی ہیں۔

اس حوالے سے عائشہ نے مزید بتایا کہ 'میں نے جتنا مانگا تھا یہ اس سے بہت زیادہ ہے، ٹیلر بہت اچھی ہیں، میں یہ تحفہ ملنے پر بےحد جذباتی ہوں، میں نے ایسا کچھ سوچا بھی نہیں تھا کہ ٹیلر سوئفٹ مجھے پیسے بھیجیں گی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے مجھ پر سے بہت بڑا بوجھ اتر گیا، میں بےحد خوش ہوں، میں اس کا جشن مناؤں گی، مجھے یقین نہیں آرہا میرے ساتھ ایسا ہوا ہے'۔

یاد رہے کہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا شمار دنیا کی سب سے کامیاب کلوکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔

امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی رواں سال سامنے آئی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے افراد کی فہرست میں بھی ٹیلر سوئفٹ سرفہرست رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024