• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہیسن کا قومی ٹیم کی کوچنگ سے انکار، مصباح مضبوط ترین امیدوار

شائع August 21, 2019 اپ ڈیٹ August 23, 2019
مائیک ہیسن نے 6سال تک نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کوچنگ کی— فائل فوٹو: اے ایف پی
مائیک ہیسن نے 6سال تک نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کوچنگ کی— فائل فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن نے قومی ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا ہے جس کے بعد مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط ترین امیدوار بن گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے مائیک ہیسن سے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے عہدے میں دلچسپی ظاہر نہ کرتے ہوئے کوچنگ سے انکار کردیا۔

نیوزی لینڈ کے سابق کوچ بھارتی ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی رکھتے تھے اور اس کے لیے انہوں نے درخواست بھی دی تھی لیکن بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے روی شاستری کو ہیڈ کوچ برقرار رکھتے ہوئے 2021 تک انہیں عہدہ سونپ دیا۔

مائیک ہیسن کے انکار کے بعد بنگلہ دیش نے بھی گزشتہ ہفتے سابق جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومنگو کو ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داریاں سونپ دی تھیں۔

مائیک ہیسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی انکار کردیا ہے اور وہ ان دونوں ایشین ٹیموں کی کوچنگ سے زیادہ انڈین پریمیئر لیگ کی کسی فرنچائز کی کوچنگ میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

وہ اس سے قبل آئی پی ایل فرنچائز کنگز الیون پنجاب کے کوچ تھے لیکن انہوں نے اپنی ٹیم کی رواں سال ناکام مہم کے بعد چند ہفتوں قبل کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور انہیں متعدد ملکوں کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط ترین امیدوار قرار دیا جا رہا تھا۔

مائیک ہیسن کے انکار کے بعد سابق کپتان مصباح الحق ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کی کوچنگ کے مضبوط ترین امیدوار بن گئے ہیں اور ممکنہ طور پر جلد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انہیں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمے داری سونپ دی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024