• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شرجیل خان کی پی سی بی سے معذرت، کرکٹ میں واپسی پر اتفاق

شائع August 19, 2019 اپ ڈیٹ August 20, 2019
شرجیل خان پر 2017 میں پابندی لگی تھی—فوٹو:پی سی بی
شرجیل خان پر 2017 میں پابندی لگی تھی—فوٹو:پی سی بی

اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں معطل اوپنر شرجیل خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور شائقین سے اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے پر معافی مانگ لی اور بورڈ نے انہیں کرکٹ میں واپسی کے لیے پروگرام ترتیب دینے پر اتفاق کرلیا۔

شرجیل خان نے لاہور میں پی سی بی حکام سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق کرکٹر شرجیل خان سے ملاقات ہوئی اور مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے راستہ ہموار کرنے پر ان سے اتفاق کیا گیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شرجیل خان پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن قواعد کی خلاف ورزی پر ڈھائی سال کی پابندی لگ چکی ہے اور اب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کے اختتام اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں واپسی سے قبل وہ پی سی بی کے سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کی جانب سے ترتیب دیا گیا بحالی کا پروگرام مکمل کریں گے۔

مزید پڑھیں:پی سی بی نے شرجیل خان کو بحالی پروگرام کیلئے طلب کر لیا

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ‘بحالی پروگرام میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت لیکچرز میں شرکت کریں گے اور لیکچرز دیں گے، اس کے علاوہ سماجی خدمات کے سلسلے میں غریب بچوں کے لیے قائم اداروں کا دورہ کریں گے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور معاون عہدیداروں کے ساتھ مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے’۔

شرجیل خان کی غیر مشروط معذرت

دوسری جانب شرجیل خان نے کہا کہ ‘میں قواعد کے حوالے سے اپنے غیر ذمہ دارانہ کردار پر پی سی بی، میرے ساتھی کھلاڑیوں، شائقین اور خاندان کو جس شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اس پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں معافی کے لیے درخواست کررہا ہوں اور مستقبل میں اپنے کام میں مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی یقین دہانی کرواتا ہوں’۔

شرجیل خان کا کہنا تھا کہ ‘میں تمام کھلاڑیوں کو یاد دہانی کروارہا ہوں کہ وہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ پر سختی سے عمل کریں کیونکہ اس کی خلاف وزری کی صورت میں پیسہ تو مل جائے گا لیکن نتائج سنگین ہوں گے اور کیریئر کا بھی خاتمہ ہوگا’۔

یہ بھی پڑھیں:شرجیل خان پر 5 سال کی پابندی عائد

انہوں نے کہا کہ ‘میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن پر آگاہی سیشنز میں تعاون سمیت مستقبل میں دیگر طریقہ کار پر عمل کرنے پر اتفاق کرچکا ہوں’۔

کرکٹ میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میں بہت جلد کلب کرکٹ میں واپس آؤں گا لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے جلدی نہیں کروں گا کیونکہ میں 30 مہینوں سے کرکٹ سے دور رہا ہوں اور مجھے اپنی فٹنس اور فارم بحال کرنے کے لیے وقت درکار ہے’۔

پی سی بی کے سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر لیفٹننٹ کرنل (ر) آصف محمود کا کہنا تھا کہ ‘شرجیل خان سے ہماری ملاقات ہوئی اور انہوں نے اپنے کردار پر پچھتاوا اور شرمندگی کا اظہار کیا’۔

یاد رہے کہ شرجیل خان کو پاکستان سپرلیگ 2017 کے افتتاحی میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

پی سی بی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس پابندی کے تحت شرجیل خان ڈھائی سال تک ہر طرز کی کرکٹ سے معطل رہیں گے اور انہیں زیر نگرانی رکھا جائے گا البتہ اس کے بعد پی سی بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کچھ شرائط کی روشنی میں وہ اپنی پابندی کے خاتمے تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024