• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

آئندہ 2 روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا خدشہ

شائع August 16, 2019
مون سون بارشوں کے نتیجے میں بھی دریائے جہلم کے اطراف کا علاقہ کسی حد تک متاثر ہوسکتا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
مون سون بارشوں کے نتیجے میں بھی دریائے جہلم کے اطراف کا علاقہ کسی حد تک متاثر ہوسکتا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: آئندہ 2 روز کے دوران مون سون کے بننے والے کم دباؤ کے باعث ملک کے مشرقی دریاؤں سے متصل علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

اس ضمن میں سیلاب کی پیش گوئی کرنے والے ادارے (ایف ایف ڈی) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے اس نئے سلسلے کے نتیجے میں 3 روز کے دوران دریاؤں میں اونچے سے درمیانے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی پانی کا بہاؤ بھارت کی جانب سے ان دونوں دریاؤں پر تعمیر کردہ ذخائر سے چھوڑے گئے پانی پر منحصر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، 2 بچے جاں بحق

ایف ایف ڈی کے مطابق بھارت کے پانی کے ذخائر ممکنہ طور پر اپنی گنجائش کی زیادہ سے زیادہ سطح تک پہنچ چکے ہوں گے جس کے باعث ان دونوں دریاؤں میں کسی وقت بھی پانی چھوڑا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب مون سون بارشوں کے نتیجے میں بھی دریائے جہلم کے اطراف کا علاقہ کسی حد تک متاثر ہوسکتا ہے۔

ایف ایف ڈی کا کہنا ہے کہ مون سون کا کم دباؤں بھارت کی ریاست جھاڑکنڈ میں موجود ہے جو شمال مغرب کی جانب حرکت کرے گا اور جمعرات کو شمالی مدھیہ پردیش کے اوپر رہے گا۔

جس کے بعد اسی سمت میں آگے بڑھتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران یہ سلسلہ ستلج، بیاض، راوی اور چناب اور کسی حد دریائے جہلم کو متاثر کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں، معمولات زندگی درہم برہم

ادھر افغانستان کے شمال مغرب میں مغرب سے آنے والی ہوائیں موجود رہیں گی جو مون سون کے کم دباؤ سے مل سکتی ہیں علاوہ ازیں بحر عرب سے ہلکی معتدل اور نم ہوا کی لہریں بھی 5 ہزار فٹ کی بلندی تک ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں۔

موجودہ صورتحال کے باعث دریائے جہلم، سندھ اور کابل کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش جبکہ کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش برسنے کا امکان ہے۔

اسی طرح آئندہ 3 روز کے دوران ستلج، بیاض، راوی اور دریائے چناب سے متصل بالائی علاقوں میں بھی انتہائی شدید بارشیں برسنے کا خدشہ ہے۔

اس ضمن میں سیالکوٹ ریجن میں دریائے راوی اور چناب کے نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں کم سے معتدل درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں جاری شدید بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

اس کے ساتھ مالاکنڈ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔


یہ خبر 16 اگست 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024