• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ملک میں سونے کی قیمت 88 ہزار روپے تولہ کی ریکارڈ سطح عبور کر گئی

شائع August 16, 2019
عیدالاضحی کی تعطیلات کے سبب 12 سے 14 اگست کے درمیان سونے کی خرید و فروخت نہیں ہوسکی تھی —تصویر: شٹر اسٹاک
عیدالاضحی کی تعطیلات کے سبب 12 سے 14 اگست کے درمیان سونے کی خرید و فروخت نہیں ہوسکی تھی —تصویر: شٹر اسٹاک

کراچی: ملک میں سونے کی قیمتیں 950 اور 815 روپے اضافے کے بعد 88 ہزار 300 روپے فی تولہ اور 75 ہزار 703 روپے فی 10 گرام کی ریکارڈ ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن (اے ایس اسی جے اے) نے اس کی وجہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں فی اونس 16 ڈالر کے اضافے کو قرار دیا جو اب ایک ہزار 514 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔

اس سے قبل عیدالاضحی کی تعطیلات کے باعث 12 سے 14 اگست کے درمیان سونے کی خرید و فروخت نہیں ہوسکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 84 ہزار 100 روپے تک پہنچ گئی

جیولرز کا کہنا تھا کہ سونے کی قیمت میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ عالمی سطح پر اس کی قیمت میں اضافہ ہے جبکہ گزشتہ کئی ہفتوں سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔

عالمی سطح پر جمعرات کے روز اس وقت ایک فیصد اضافہ ہوا جب امریکی حکومت کے بانڈ کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے کساد بازاری سے وابستہ افراد نے فائدہ اٹھایا اور خطرے سے بچنے کے لیے دھات میں دلچسپی ظاہر کی۔

چنانچہ امریکا اور چین کی تجارتی جنگ، ہانک کانگ میں بد امنی کے پیشِ نظر سرمایہ کاروں میں پائے جانے والے خوف کے باعث سونے کی قیمت 11 ڈالر کے اضافے کے بعد 6 سال کی بلند ترین سطح ایک ہزار 523 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سال 2018: سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار 600 روپے تک اضافہ

عالمی مارکیٹ پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ ’ہمارے خیال میں سال کے آئندہ دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا اور سونے کی فی اونس قیمت ایک ہزار 580 سے لے کر 16 سو ڈالر تک پہنچ سکتی ہے‘۔

اسی طرح چاندی کی قیمت 0.3 فیصد اضافے کے بعد 17.26 ڈالر فی اونس جبکہ پلاٹینیم کی قیمت 0.1 فیصد کی کمی کے بعد 839.33 ڈالر فی اونس اور پلاڈینیم کی قیمت 0.1 فیصد اضافے کے بعد ایک ہزار 425 ڈالر ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024