• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

مسئلہ کشمیر پر جماعت اسلامی عالمی برادری کو متحرک کرے گی، سراج الحق

شائع August 11, 2019
سراج الحق کے مطابق چین نے ہمیشہ متنازع خطے پر پاکستانی موقف کی حمایت کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
سراج الحق کے مطابق چین نے ہمیشہ متنازع خطے پر پاکستانی موقف کی حمایت کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی۔

سراج الحق نے کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آزاد کشمیر کے حریت رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چین نے ہمیشہ متنازع خطے پر پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے جس پر پوری قوم ان کے اس اقدام کی مشکور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اجلاس کا مقصد کشمیریوں پر بھارتی مظالم بالخصوص نئی دہلی کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی تیار کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قائم کمیٹی میں امیر جماعت اسلامی کو شامل کرنے کا فیصلہ

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت عید الاضحیٰ کے بعد بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرے گی جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے لیے ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی، پاکستانی قوم اور مسلم امہ کو کشمیر کے مسئلے پر متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے بعد کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر جماعت اسلامی جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: جماعت اسلامی کا پابندی کےخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

امیر جماعت اسلامی نے خبر دار کیا کہ بھارتی حکومت کا متنازع علاقے پر تصفیے کا منصوبہ ایک غیر قانونی اقدام ہے جو بری طرح ناکام ہوگا، پاکستانی اور کشمیری عوام اسے کبھی قبول نہیں کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے پورے مقبوضہ علاقے کو ایک جیل بنادیا ہے اور وہاں پر نہتے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے ہزاروں تازہ فوجی دستے بھی تعینات کردیے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ بھارت کی یہ بے رحمی اور جارحیت کبھی کامیاب نہیں ہوگی، دنیا نے وادی میں نئی دہلی کے فیصلے کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کے مظاہرے دیکھے ہیں۔

انہوں نے بھارتی فوج کے آگے ڈٹ جانے والے کشمیری نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام بھارت سے آزادی حاصل کرنے کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔


یہ خبر 11 اگست 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024