ملک کے ابتر حالات پر معروف انگریزی اخبار کا احتجاج، پورا اخبار خالی شائع
مشرق وسطی ملک لبنان کے ایک معروف انگریزی اخبار نے ملک کے ابتر حالات پر منفرد احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے پورے کا پورا اخبار خالی شائع کردیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ لبنان میں کسی اخبار نے ملک کے معاشی، اقتصادی، سماجی، کرپشن، سیاسی عدم استحکام، بے روزگاری اور ماحولیاتی آلودگی سمیت دیگر مسائل پر منفرد احتجاج ریکارڈ کروایا۔
لبنان کے معروف انگریزی اخبار ’دی ڈیلی اسٹار‘ نے 8 اگست کو اپنے 12 صفحات پر کوئی بھی خبر شایع کیے بغیر اپنا منفرد احتجاج ریکارڈ کروایا۔
اخبار کے 12 صفحات کو خبروں اور کالمز سے خالی چھوڑ کر ملک کے تمام بڑے مسائل پر ایک ایک جملہ لکھا گیا۔
اخبار نے اپنے منفرد احتجاج کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت جیسے مسائل اور حکومت کی جانب سے کسی بھی معاملے کو حل کرنے کے لیے خاص اقدامات نہ اٹھائے جانے کی جانب توجہ مبذول کروائی گئی۔
ملک کے معروف اخبار کے تمام صفحات کو خبروں اور کالمز سے خالی دیکھ کر جہاں قارئین حیران رہ گئے، وہیں کئی افراد نے اخبار کے قدم کی تعریف بھی کرائی۔
اخبار نے اپنے آن لائن ایڈیشن میں بھی 8 اگست کو پورے اخبار کو خالی شائع کرنے کے حوالے سے ایک مختصر خبر شائع کی اور بتایا کہ ’ڈیلی اسٹار‘ نے حکمرانوں کو ملکی معاملات حل کرنے کے لیے اٹھنے کی آواز دی ہے۔
12 صفحات پر مشتمل اخبار کے پہلے صفحے کو سیاہ کرکے بڑے الفاظ میں ’لبنان‘ لکھا گیا جب کہ آخری صفحے پر ماحولیاتی تبدیلی کی تصویر دیتے ہوئے حکمرانوں کو آواز دی گئی کہ اس سے قبل کے بہت دیر ہوجائے، ملکی معاملات حل کرنے کے لیے اٹھیں۔