کوئٹہ: مشن روڈ پر دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دھماکا کوئٹہ کے مشن روڈ پر واقع مارکیٹ میں ہوا، جس سے مارکیٹ میں موجود دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے سے قریبی دکانوں اور شاپنگ مالز کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، تاہم پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ: سٹی تھانے کے باہر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
رزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی سول ہسپتال منتقل کردیا۔
ڈی آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ 'دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے ہم تفتیش کر رہے ہیں'۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بلوچستان میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، اور ان واقعات میں سیکیورٹی فورسز سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں 30 جولائی کو کوئٹہ کے علاقے باچا خان چوک میں سٹی تھانے کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 27 جولائی کو بلوچستان کے ضلع تربت میں دہشت گردوں کی جانب سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں پر حملے میں کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان کے علاقے تربت میں ایف سی اہلکار کامبنگ اور سرچ آپریشن میں مصروف تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں بم دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 16 زخمی
قبل ازیں 23 جولائی کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے تھے۔
یہ بھی یاد رہے کہ 6 جون کو صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے حملے میں پیٹرولنگ پر مامور 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
اس سے قبل مئی میں صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل ’پرل کانٹیننٹل‘ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔