• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دنیا کے امیر ترین شخص 58 کھرب روپے سے کیسے 'محروم' ہوئے؟

شائع August 5, 2019
جیف بیزوز اور ان کی سابق اہلیہ میکنزی بیزوز — رائٹرز فوٹو
جیف بیزوز اور ان کی سابق اہلیہ میکنزی بیزوز — رائٹرز فوٹو

دنیا کے امیر ترین شخص اور ایمازون کے بانی جیف بیزوز گزشتہ چند روز میں 36.8 ارب ڈالرز (58 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) سے 'محروم' ہوگئے ہیں۔

اس کی وجہ ان کی جانب سے ایمازون میں ان کے حصص کا ایک چوتھائی حصہ سابق اہلیہ میکنزی بیزوز کو منتقل کرنا ہے۔

امریکی جریدے فوربس کی رپورٹ کے مطابق جیف بیزوز کی جانب سے 33 ارب ڈالرز مالیت کے حصص کی منتقلی دنیا کی مہنگی ترین طلاق کے تحت ہونے والے تصفیے کا حصہ ہے۔

اس منتقلی کے نتیجے میں دنیا کے امیر ترین شخص کے اثاثوں کی مالیت میں کمی آئی ہے جبکہ میکنزی بیزوز ایمازون کے چند بڑے شیئر ہولڈرز میں سے ایک ہوگئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیف بیزوز نے 29 جولائی کو اپنے حصص کا 25 فیصد حصہ یا 19.7 ملین شیئرز میکنزی بیزوز کو منتقل کیے، تاہم ایمازون کے بانی کو کمپنی کے ووٹنگ کنٹرول حاصل رہے گا۔

اسی منتقلی کے بعد میکنزی بیزوز دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی ہیں جو 36.8 ارب ڈالرز کی مالک ہیں جبکہ جیف بیزوز کے اثاثے گھٹ کر 117.8 ارب پر آگئے ہیں، مگر اب بھی وہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس سے 13 ارب ڈالرز زیادہ کے مالک ہیں۔

خیال رہے کہ اس جوڑے نے رواں سال جنوری میں ٹوئٹر پر 25 سال کی شادی کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور اپریل میں دونوں کے درمیان طلاق کے بعد مالی معاملات طے کیے گئے تھے۔

اس موقع پر اپنے ٹوئیٹ میں میکنزی بیزوز نے بتایا کہ جیف بیزوز اور انہوں نے علیحدگی کے عمل کو مکمل کرلیا ہے اور انہیں ایمازون میں جیف بیزوز کے 25 فیصد شیئرز ملیں گے۔

ٹوئیٹ میں مزید بتایا کہ میکنزی جیف بیزوز کو ایمازون کے 75 فیصد اسٹاک دینے پر خوش ہیں جبکہ اپنے حصص کا ووٹنگ کنٹرول بھی وہ سابق شوہر کو دے رہی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے واشنگٹن پوسٹ اور بلیور اوریجن میں اپنے شیئر بھی جیف بیزوز کے سپرد کردیئے۔

اب میکنزی ایماوزن کے 4 فیصد شیئر کی مالک بن چکی ہیں اور اس کمپنی کی تیسری بڑی شیئر ہولڈر بن چکی ہیں۔

اگر میکنزی اپنے شیئرز فروخت بھی کردیں تو بھی جیف بیزوز ان حصص کے ووٹنگ کنٹرول کو اپنے پاس رکھ سکیں گے اور ان کا یہ اختیار ایمازون کے بانی کی موت یا قانونی طور پر دستبرداری کی صورت میں ہی ختم ہوگا۔

معاملات طے ہونے کے بعد طلاق کی حتمی دستاویز گزشتہ ماہ سامنے آئی تھی جس کے بعد یہ جوڑا باضابطہ طور پر علیحدہ ہوگیا۔

مئی میں میکنزی نے اپنے نصف اثاثے فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے لیے وہ بل گیٹس اور وارن بفٹ کے تیار کردہ اپنے اثاثے تقسیم کرنے کے عہدنامے پر دستخط کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024