• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارتی حملے قابل مذمت، سلامتی کونسل امن و سلامتی پر عالمی خطرے کا نوٹس لے، وزیراعظم

شائع August 4, 2019
جنوبی ایشیا میں امن اور  سیکیورٹی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل ہے— فوٹو: پی ڑئ
جنوبی ایشیا میں امن اور سیکیورٹی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل ہے— فوٹو: پی ڑئ

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے امن و سلامتی پر عالمی خطرے کا نوٹس لینے کامطالبہ کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیے گئے ٹوئٹس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں پر حملے اور کلسٹر بموں کا استعمال قابل مذمت اور انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ' بھارتی حملے 1989 کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل عالمی امن اور سلامتی کو درپیش خطرات کا نوٹس لے'۔

مزید پڑھیں: 'بھارت، کشمیر میں انسانی تاریخ کی بدترین نسل کشی کا آغاز کرنے والا ہے'

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ' وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات ختم ہوں، انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے استعمال کی اجازت ملنی چاہیے'۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور سیکیورٹی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ' امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکیش کی ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے جس طرح مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر صورتحال بگڑرہی ہے اب وقت ہے کہ اسے روکنے کے لیے کیا جائے ورنہ خطے میں بحران پیدا ہوسکتا ہے'۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو کلسٹر بموں کا نشانہ پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت: وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

گزشتہ روز دفتر خارجہ سے جاری بیان میں مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘مقبوضہ کشمیر کے عوام میں خوف اور پریشانی پھیلی ہوئی ہے کیونکہ اطلاعات ہیں کہ بھارت نے 38 ہزار اضافی فوج کو حالیہ ہفتوں میں تعینات کیا ہے جبکہ سیاحوں کو وادی چھوڑنے اور عوام کو اشیا خوردونوش کو جمع کرنے کا پیغام دیا گیا ہے’۔

کشمیر کی حالیہ صورتحال پر چیئرمین سینیٹ کا عالمی برادری کو خط

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے کے لیے دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے اسپیکرز اور پریذائیڈنگ افسران کو خط لکھا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے خط میں دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے اسپیکروں کو وادی نیلم میں بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) کی خلاف ورزی اور شہریوں پر فائرنگ اور شیلنگ سے متعلق آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: بھارت نے کنٹرول لائن پر کلسٹر بم سے شہریوں کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت جارحیت روکنے میں کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلوانے میں مدد کرے۔

صادق سنجرانی نے اسپیکروں اور پریذائیڈنگ افسران کی توجہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ممنوعہ کلسٹر بموں کے استعمال کی جانب مبذول کروائی۔

ان کاکہنا تھا کہ بھارتی جارحیت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ اہم ممالک کی پارلیمنٹس کے اسپیکروں سے ٹیلیفونک رابطے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

نوجوان، کشمیر کی جدودجہد آزادی اجاگر کرنے کیلئے باہر نکلیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کشمیر کی جدودجہد آزادی کو سوشل میڈیا، ٹی وی، اخباروں پر دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے نوجوان باہر نکلیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر خصوصی بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ 15 دنوں میں سری نگر میں حالات مزید کشیدہ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور بھارت نے وہاں مزید 40 ہزار پیراٹروپس تعینات کردیے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ بنیادی طور پر نریندر مودی ایک دہشت گرد لیڈر ہے جس نے 3 سو سے زائد ارکان ہونے کے باوجود ایک مسلمان کو سیٹ نہیں دی اور کسی مسلمان سے ووٹ نہیں مانگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نریندر مودی سری نگر اور لداخ کو براہ راست دہلی کے ماتحت لانا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پار کارروائی، لاشوں کی تحویل کا الزام بھارتی پروپیگینڈا ہے، پاک فوج

ان کا کہنا تھا کہ مودی اسرائیلی طرز کا اسٹرکچر لانا چاہتا ہے اور یہ بات کشمیریوں کو کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو سب سے بڑی تکلیف عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے کامیاب مذاکرات سے ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم کو بے نقاب کردیا ہے کہ کہ امریکا میں مودی کی زبان کچھ ہے اور بھارت میں کچھ اور ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ایسے حالات میں ہمیں جوش ولولے، قوت اور پوری طاقت کے ساتھ اپنی فوج اور پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں کشمیر کی جدودجہد آزادی کو سوشل میڈیا، ٹی وی، اخباروں پر دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے نوجوان باہر نکلیں اور کشمیریوں کے ساتھ آگ اور خون کی جو ہولی بھارت کھیلنے جارہا اس میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

کشمیریوں پر زمین تنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مراد سعید

وفاقی وزیربرائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ کشمیریوں پر زمین تنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح بھارتی مظالم جاری ہیں اور گزشتہ دو روز میں ہمارے کئی کشمیری بھائی شہید اور زخمی ہوئے، ان پر زمین تنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ، ہر بزرگ اور جوان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ ہم عالمی فورمز پر بھی کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024