کراچی: اے این ایف کی کارروائی، محکمہ ایکسائز سندھ کے 2 عہدیدار گرفتار
کراچی: انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز سندھ کے 2 عہدیداروں سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے مبینہ طور پر بھاری مقدار میں ہیروئن اور کوکین برآمد کرلی۔
اے این ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گرفتار کیے گئے 3 افراد میں سے 2 سندھ حکومت کے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار ہیں۔
اس بارے میں اے این ایف کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے حکام منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔
مزید پڑھیں: منشیات اسمگلنگ کیس: تفتیش کے بعد رانا ثنا اللہ قصور وار قرار
منشیات کی روک تھام کے ادارے کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر اے این ایف کلفٹن پولیس اسٹیشن نے 2 تلوار کے قریب ایک گاڑی کو روکا اور ایک شخص گل شیر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2 ہزار کلوگرام ہیروئن اور 800 گرام کوکین برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف نے دعویٰ کیا کہ ’گرفتار شخص گل شیر محکمہ ایکسائز سندھ کا انسپیکٹر ہے‘ اور وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سرکاری عہدے کی آڑ میں منشیات کی فروخت اور اسمگلنگ میں ملوث تھا۔
انہوں نے اس گرفتاری کے بعد ملزم کی نشاندہی پر اے ایف ایف نے کلفٹن میں ہی ایک اور کار کو روکا اور 2 مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت کاشف اور صمد کے نام سے ہوئی اور ان کے پاس سے 4 ہزار کلوگرام ہیروئن، 2 ایم پی 5 رائفلز اور میگزین کے ساتھ ایک ایس ایم جی برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کاشف محکمہ ایکسائز سندھ میں کانسٹیبل ہے اور وہ ’اپنے سرکاری عہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات فروخت کرتا تھا‘۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے گرفتار کرلیا
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ملزمان کی نشاندہی پر اے این ایف نے گلستان جوہر میں ان کے ساتھ رحمٰن گل عرف جان محمد کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، تاہم ملزم ہیروئن کے 2 پیکٹ چھوڑ کر فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
کرسٹل اور دیگر منشیات برآمد
دوسری جانب مواچکو پولیس نے شہر کے مضافات سے بڑی تعداد میں کرسٹل اور دیگر منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔
ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگل کی جارہی جب پر پولیس نے کارروائی کی اور کافی دیر پیچھا کرنے کے بعد رئیس گوٹھ پر ایک کار کو روک کر ایک کلو گرام کرسٹل، ایک کلو گرام ہیروئن اور 4 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ ’برآمد کی گئی ان منشیات کی مالیت 70 لاکھ روپے سے زائد ہے‘۔ تاہم پولیس کے مطابق اس پوری کارروائی میں 2 اسمگلرز ہوائی فائرنگ اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔