بھارتی باکسر کے چیلنج پر عامر خان کا منہ توڑ جواب
بھارتی باکسر نیرج گویت نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو فائٹ کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عامر کو ہرانے کے لیے تیار ہیں جس پر پاکستانی نژاد باکسر نے ان کا چیلنج قبول کر لیا ہے۔
عامر خان اور نیرج گویت کے درمیان فائٹ گزشتہ ماہ 12 جولائی کو سعودی عرب میں شیڈول تھی لیکن نیرج کار ایکسیڈنٹ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد فائٹ کو منسوخ کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: آسٹریلوی باکسر ناک آؤٹ، عامر خان ورلڈ چیمپیئن بن گئے
اس کے بعد نیرج کی جگہ آسٹریلین باکسر بلی ڈب نے یہ فائٹ لڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور عامر خان نے اس مقابلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے محض چوتھے راؤنڈ میں ہی اپنے حریف کو ناک آؤٹ کردیا تھا۔
تاہم اب صحتیاب ہونے کے بعد بھارتی باکسر نے ایک مرتبہ پھر عامر خان کو چیلنج کردیا ہے۔
نیرج گویت نے ٹوئٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے سامنے میز پر آدھی درجن سے زائد بندوقیں رکھی ہوئی ہیں۔
اس تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں نیرج نے کہا کہ میں اب فٹ اور ورلڈ باکسنگ کونسل کے رنگ میں عامر خان کو ہرانے کے لیے تیار ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان کی 2 سال بعد رنگ میں واپسی، حریف کو 39 سیکنڈز میں شکست
عامر خان نے اس چیلنج کا ہنستے ہوئے جواب دیا کہ آپ کو مجھے ہرانے کے لیے بندوقوں سے زیادہ کسی چیز کی ضرورت پڑے گی۔
امید ہے کہ نیرج کی جانب سے چیلنج کیے جانے کے بعد دونوں باکسر کے درمیان فائٹ کی تاریخ کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔