• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کوہلی کی ٹوئٹ سے روہت شرما غائب، بھارتی کپتان کو نئے تنازع کا سامنا

شائع August 2, 2019 اپ ڈیٹ August 6, 2019
ویرات کوہلی نے بھارتی ٹیم میں کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے بھارتی ٹیم میں کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے گزشتہ دنوں ٹیم میں کسی بھی قسم کے اختلافات کی سختی سے تردید کی تھی تاہم اب ان کی ایک ٹوئٹ سے نئے تنازع نے جنم لے لیا ہے۔

گزشتہ دنوں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے ٹیم میں اختلافات کی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ اس طرح کی خبریں کون پھیلا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی ٹیم میں اختلافات کی خبریں پھیلانے پر کوہلی برہم

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد بھارتی ٹیم خصوصاً کپتان ویرات کوہلی اور ان کے نائب روہت شرما کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

کوہلی نے خصوصی طور پر روہت سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے اوپننگ بلے باز اور نائب کپتان کو ٹیم کا سب سے اہم رکن اور اپنا دوست قرار دیا تھا۔

تاہم اب بھارتی ٹیم کے کپتان کی تصویر کی حامل ایک ٹوئٹ پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

بھارتی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہفتے سے شروع ہونے والی تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے امریکا پہنچ گئی ہے اور اس دوران کھلاڑیوں نے فلوریڈا میں پریکٹس سمیت لطف اندوز ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

جمعہ کو بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی اپنے ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے صرف 'ٹیم' کا لفظ استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم میں دھڑے بندی، کوہلی اور روہت کے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے

اس تصویر میں کوہلی کے ساتھ ساتھ رویندرا جدیجا، نوودیپ سینی، خلیل احمد، شریاس آیر، کرونال پانڈیا، بھوونیشور کمار اور لوکیش راہُل شامل ہیں۔

بھارتی شائقین نے اس تصویر میں مایہ ناز اوپننگ بلے باز اور ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کی کمی شدت سے محسوس کی اور ان کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

جہاں کچھ لوگوں نے اوپننگ بلے باز کی عدم موجودگی کے حوالے سے سوال کیا تو کچھ شائقین نے لکھا کہ بھارتی اسکواڈ روہت شرما کے بغیر اسکواڈ ہی نہیں۔

چند بھارتی شائقین نے لکھا کہ کوئی بھی اسکواڈ روہت شرما اور شیکھر دھاون کے بغیر نامکمل ہے جبکہ کچھ نے بھارتی ٹیم کے کپتان سے سوال کیا کہ ان کی تصویر میں ہر دفعہ روہت کیوں غائب ہوتے ہیں۔

چند لوگوں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ آپ کی ٹیم ہے اور بقیہ لوگ روہت شرما کے ساتھ ہیں۔

ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان اختلافات کی خبروں کو اس وقت تقویت ملی تھی جب روہت شرما نے کوہلی کی اہلیہ اور معروف بالی وڈ اسٹار انوشکا شرما کو انسٹا گرام پر ان فالو کردیا تھا۔

واضح رہے کہ کوہلی نے امریکا روانگی کے وقت بھی جو ٹوئٹ کی تھی اس میں بھی روہت شرما موجود نہیں تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024