• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارتی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون؟ بورڈ کو ہزاروں درخواستیں موصول

شائع August 2, 2019
بی سی سی آئی نے بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں دورہ ویسٹ انڈیز تک توسیع کردی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
بی سی سی آئی نے بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں دورہ ویسٹ انڈیز تک توسیع کردی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے ورلڈ کپ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچ کی تلاش شروع کردی ہے اور اس عہدے کے لیے بورڈ کو 2ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

دورہ ویسٹ انڈیز پر بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داریاں روی شاستری ہی انجام دیں گے لیکن بھارتی بورڈ نے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے جس کے لیے انہیں ہزاروں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے لیے پریشان کن امر یہ ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کے باوجود بڑے ناموں نے کوچنگ میں زیادہ دلچسپی ظاہر نہیں کی اور چند ہی اسٹارز نے نوکری کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھنے والے سابق آسٹریلین آل راؤنڈر ٹام موڈی کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن نے بھی عہدے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے درخواست دی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ بھارت کے روبن سنگھ اور لال چند راجپور بھی ہیڈ کوچ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

سابق عظیم سری لنکن بلے باز مہیلا جے وردنے نے بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے میں دلچسپی تو ظاہر کی تھی لیکن اب تک انہوں نے عہدے کے لیے درخواست نہیں دی۔

رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل درخواستیں ایجنٹ کے ذریعے موصول ہوئی ہیں اور ان کا جائزہ لینے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ زیادہ وقت لے سکتا ہے۔

اس بات کی بھی تصدیق ہوئی ہے کہ فیلڈنگ کے لیے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے سابق جنوبی افریقی اسٹار جونٹی رہوڈز نے فیلڈنگ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دی ہے۔

بھارت کے موجودہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدے کی مدت ورلڈ کپ کے ساتھ ختم ہو گئی تھی لیکن بورڈ نے عہدے کے لیے موزوں امیدوار ڈھونڈنے کے لیے مزید سوچ بچار کرنے کے لیے کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں دورہ ویسٹ انڈیز تک توسیع کردی ہے۔

بھارتی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں تین ٹی20، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024