• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

نیب نے خورشید شاہ اور مہتاب عباسی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیدی

اجلاس میں 9 انکوائریز کی منظوری دی گئی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
اجلاس میں 9 انکوائریز کی منظوری دی گئی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سمیت مختلف شخصیات کے خلاف 9 انکوائریز کی منظوری دے دی۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہوا، جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل احتساب، ڈی جی آپریشن، ڈی جی راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ایکسیئن آپریشنز ٹیسکو فاٹا سرکل پشاور سید اکرام اللہ شاہ کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

مزید پڑھیں: چیئرمین نیب سمیت متعدد افراد کو 'بلیک میل کرنے والے گروہ' کے خلاف ریفرنس دائر

ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حیات آباد میں مختلف اسٹیل ملز کو بجلی کے غیرقانونی کنکشنز فراہم کیے، جس سے قومی خزانے کو 4 کروڑ 90 لاکھ 7 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔

اجلاس میں 9 انکوائریوں کی بھی منظوری دی گئی، جس میں رکن قومی اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان عباسی کے خلاف بھی تحقیقات شامل ہیں۔

اسی طرح سابق سیکریٹریز انڈسٹریز پنجاب خالد شیر دل اور دیگر، ایس ڈی ایف او فاریسٹ سب ڈویژن مینگورہ اور سوات محمد اقبال خان اور دیگر، محکمہ اوقاف خیبرپختونخوا کے اہلکار و افسران اور دیگر، محکمہ تعلیم کوئٹہ کی انتظامیہ اور دیگر، پرووینشل ہائی ویز ڈیولپمنٹ ڈویژن خیرپور کے اہلکار و افسران، چیف ایگزیکٹو آفیسر سکھر الیکٹر پاور کنسٹرکشن کمپنی منور نذیر عباسی اور دیگر، پبلک ہیلتھ ڈویژن پنجاب اور پنجاب ہائی ویز ڈپارٹمنٹ کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، اسے تھکائیں گے، آصف زرداری

نیب کے ایگزیٹو بورڈ کے اجلاس میں 4 انویسٹی گیشن کی بھی منظوری دی گئی جس میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی انتظامیہ، نجکاری کمیشن کے سرکاری عہدیداران، ٹرسٹ انویسمںٹ بینک، وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران و اہلکار اور دیگر افراد، گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا کے اہکار و دیگر شامل ہیں۔

دوران اجلاس چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، قانون اور شواہد کی بنیاد پر وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ایک ناسور ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024