• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

'جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کا ثبوت ہیں'

شائع July 31, 2019
پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جا رہا ہے اور ہمیشہ دیا جاتا رہے گا، آئی ایس پی آر — فائل فوٹو/ڈان نیوز
پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جا رہا ہے اور ہمیشہ دیا جاتا رہے گا، آئی ایس پی آر — فائل فوٹو/ڈان نیوز

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں اضافہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ناکامی کی وجہ سے ان کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ 'پاک فوج لائن آف کنٹرول پر بسنے والے معصوم شہریوں کو بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے خلاف اور ان کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جا رہا ہے اور ہمیشہ دیا جاتا رہے گا'۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، 2 شہری جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے 2 شہری جاں بحق اور 6 خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے بتایا تھا کہ بھارتی فورسز نے لیپہ ویلی میں شیلنگ شروع کی جو پوری وادی میں پھیل گئی۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی شیلنگ سے قیصر کوٹ اور بیجل دار گاؤں میں 3 گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، ایک خاتون جاں بحق

اس سے ایک روز قبل بھی ایل او سی پر بھارتی فورسز کی جارحیت سے ایک خاتون جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ کشمیر کے ضلع حویلی میں خورشید آباد اور نیزا پیر سیکٹر میں رات گئے پیش آیا تاہم سرکاری سطح پر اطلاعات آج صبح بتائی گئیں۔

بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے 3 بجکر 45 منٹ پر نیزا پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جبکہ خورشید آباد سیکٹر میں بھی بلااشتعال فائرنگ کا آغاز 6 بجے شروع ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024