• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر بھارتی بلے باز پرتھوی شا پر پابندی

شائع July 30, 2019 اپ ڈیٹ August 3, 2019
پرتھوی شا نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ پر سنچری اسکور کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
پرتھوی شا نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ پر سنچری اسکور کی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے نوجوان ٹیسٹ اوپنر اور ابھرتے ہوئے اسٹار پرتھوی شا کو ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 15نومبر 2019 تک معطل کر دیا ہے اور اس دوران وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پرتھوی شا کے پیشاب کے نمونے میں ممنوعہ ادویہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس کے سبب انہیں معطل کیا گیا۔

واضح رہے کہ پرتھوی شا ان دنوں کولہے کی انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انہیں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

اس پابندی کے سبب نوجوان اوپننگ بلے باز جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف 14نومبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

22فروری کو اندور میں سید مشتاق علی ٹرافی میں پنجاب کے خلاف میچ کے دوران پرتھوی کے پیشاب کے نمونے ٹیسٹ کے لیے جمع کیے گئے تھے جس میں بعدازاں ممنوعہ ادویہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

اوپننگ بلے باز نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے جو کھانسی کی دوا استعمال کی تھی اس میں یہ ممنوعہ ادویہ پائی جاتی ہے۔

بی سی سی آئی نے طبی ماہرین سے مشورے کے بعد ان کی وضاحت کو قبول کرتے ہوئے ان پر صرف 8ماہ کی پابندی عائد کی ہے تاہم دوبارہ اس طرح کی غلطی کی صورت میں ان پر طویل مدت کے لیے پابندی لگائی جا سکتی ہے۔

پرتھوی شا کے ساتھ ساتھ ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر اکشے دلارور اور دیویا گجراج کو بھی معطل کردیا گیا ہے اور دونوں پر بالترتیب 8 اور 6ماہ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024