شاہد کپور کا فلم کے مجموعی بجٹ سے زائد معاوضے کا مطالبہ
بولی وڈ ایکشن ہیرو شاہد کپور کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کبیر سنگھ‘ نے تنقید کے باوجود شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور فلم نے اب تک 300 کروڑ روپے کے قریب کمائی کرلی ہے۔
شاہد کپور کی یہ پہلی فلم ہے جس نے اتنی ریکارڈ کمائی کی ہے، اس سے قبل ان کی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ساتھ آنے والی فلم ’پدماوت‘ نے ریکارڈ کمائی کی تھی۔
تاہم وہ شاہد کپور کی مرکزی ہیرو کی حیثیت والی فلم نہیں تھی۔
’کبیر سنگھ‘ کی شاندار کمائی کے بعد جہاں کچھ دن قبل خبر سامنے آئی تھی کہ شاہد کپور نے اپنا معاوضہ بڑھا کر 30 کروڑ روپے سے زائد کرلیا ہے۔
وہیں اب خبر سامنے آئی ہے کہ شاہد کپور نے ایک اور تامل فلم کے ہندی ورژن میں کام کرنے کے لیے فلم کی ٹیم سے 40 کروڑ روپے کے معاوضے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین پر تشدد پیش کرتی شاہد کپور کی فلم 'کبیر سنگھ' کامیاب
شاہد کپور کی جانب سے مانگا گیا معاوضہ اتنا زیادہ ہے کہ وہ فلم کے مجموعی بجٹ سے بھی زیادہ بن رہا ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں ایک اور خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلم ساز کرن جوہر رواں برس ریلیز ہونے والی معروف تامل فلم ’جرسی‘ کا آفیشل ہندی ریمیک بنانے کا ارادہ رکھتےہیں۔
رپورٹ کے مطابق کرن جوہر نے تامل فلم کے آفیشل ہندی ریمیک کے حقوق بھی حاصل کرلیے ہیں اور اطلاعات کے مطابق ان کی ٹیم نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے شاہد کپور سے رابطہ کیا۔
رپورٹس ہیں کہ شاہد کپور نے تامل فلم کے ہندی ریمیک میں کام کرنے کے لیے 40 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ کیا، جس پر فلم کی ٹیم حیران رہ گئی۔
شاہد کپور کی جانب سے مانگا گیا معاوضہ فلم کے مجموعی بجٹ سے بھی 10 کروڑ روپے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرن جوہر اور ان کی ٹیم نے فلم کے پورے بجٹ کے لیے 30 کروڑ روپے بجٹ رکھا ہے، تاہم شاہد کپور نے ان سے صرف اپنے کردار کے لیے 40 کروڑ روپے معاوضہ مانگا ہے۔
مزید پڑھیں: شاہد کپورکا معاوضہ دپیکا، پریانکا اور کرینہ سے بھی زیادہ
رپورٹ کے مطابق شاہد کپور کی جانب سے مانگے گئے اتنے زیادہ معاوضے پر فوری طور پر فلم کی ٹیم نے کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں انہیں کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ شاہد کپور کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کبیر سنگھ‘ بھی تامل فلم ’ارجن ریڈی‘ کا ہندی ورژن تھا۔
اس فلم میں شاہد کپور نے ایک ذہین میڈیکل طالب علم سے بڑے سرجن بننے کا کردار ادا کیا، تاہم انہیں اتنی کامیابیوں کے باوجود سگریٹ نوشی کا عادی اور اپنی محبوبا کے ساتھ تلخ رویے اپناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فلم میں شاہد کپور نے ہیرو اور کیارا اڈوانی نے ہیروئن کا کردار ادا کیا اور فلم میں ایک سین میں دونوں ایک دوسرے کو تھپڑ مارتے دکھائی دیتے ہیں اور اسی سین کی وجہ سے فلم پر کافی تنقید بھی کی گئی اور فلم کی ٹیم پر الزام عائد کیا گیا کہ فلم میں خواتین پر تشدد کو دکھایا گیا ہے۔