واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مانگنے کیلئے امریکا نہیں آئے، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے کہا ہے کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم مانگنے کے لیے امریکا نہیں آئے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں، جبکہ وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ظہرانہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری افراد کے علاوہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے نمائندگان سے بھی ملاقات ہوگی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں امریکا کے ساتھ تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہا ہے لیکن اب دونوں فریق دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں، ہماری حکومت جیسے اقدامات ماضی کی کسی حکومت نے نہیں کیے۔
مزید پڑھیں:’وزیراعظم کا دورہ امریکا، تعلقات کو نئی جہت بخشے گا‘
وزیر خارجہ کے مطابق آج سب پاکستان کے مفاد اور چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
امریکا سے تعلقات میں پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے دوطرفہ تعلقات کوفروغ ملے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ 5 سال بعد سربراہ ملاقات ہونے جارہی ہے اور واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم امریکا میں مانگنے کے لیے نہیں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں پیشرفت ہوئی ہے، کل کے حریف آج کے حلیف بنے بیٹھے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ واشنگٹن کی پچ تیز ہے اور عمران خان تیز پچ پر کھیلنے کے عادی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی دفاعی بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا دورہ امریکا ' تیسرے درجے' کا ہوگا
ملکی سیاسی صورت حال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے خلاف مقدمات ہم نے نہیں بنائے۔
وزیر اعظم کے دورہ امریکا کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ عسکری قیادت بھی ہوگی اور صدر ٹرمپ، وائٹ ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کی 2 نشستیں ہوں گی، پہلی نشست اوول آفس اور دوسری کیبنٹ ڈویژن میں ہوگی۔
تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم امریکی میڈیا کو بھی انٹرویوز دیں گے اور اس کے بعد بعض حضرات سے انفرادی ملاقات کریں گے جن کے ساتھ ملاقات طے ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم دورہ امریکا کے دوران مہنگے ہوٹلز میں نہ رہنے کے خواہش مند
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاک-امریکا بزنس کونسل کے نمائندوں سے بھی ملیں گے اور اسپیکر نینسی پلوسی کے ساتھ بھی نشست ہوگی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کمرشل فلائٹ سے دورہ امریکا پر جائیں گے اور امریکا میں قیام کے دوران تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے حالات کی وجہ سے پاک-امریکا تعلقات میں عدم اعتماد پایا جاتا تھا، تاہم اب وزیراعظم کے دورہ امریکا سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔