• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایران نے تیل کی اسمگلنگ پر غیرملکی جہاز قبضے میں لے لیا

شائع July 18, 2019
پاسداران انقلاب نے جہاز کو قبضے میں لیے جانے کی تصدیق کردی— فوٹو: اے ایف پی
پاسداران انقلاب نے جہاز کو قبضے میں لیے جانے کی تصدیق کردی— فوٹو: اے ایف پی

ایران نے تیل کی اسمگلنگ کے الزام میں غیر ملکی بحری جہاز کو قبضے میں لے کر عملے کے 12 ارکان کو گرفتار کر لیا۔

حراست میں لیے گئے ٹینکر کا نام تو ظاہر نہیں کیا گیا لیکن جمعرات کو منظر عام پر آنے والی رپورٹس کے مطابق اس کے ذریعے ایرانی اسمگلرز سے غیر ملکی خریداروں کو 10 لاکھ لیٹر تیل اسمگل کیا جا رہا تھا۔

مزید پڑھیں: ایران نے برطانوی تیل بردار جہاز کا راستہ روکنے کا الزام مسترد کردیا

یہ اعلان ایک ایسے موقع پر منظر عام پر آیا ہے کہ جب ایک دن قبل ہی ایرانی فوج نے تکنیکی خرابی کا شکار ہونے والے غیر ملکی جہاز کی مدد کی تھی اور رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ بھی اسی جہاز کا ہے جس کی ایرانی فورسز نے مدد کی تھی۔

ایران کے مطابق اس ٹینکر کو ابتدائی طور پر اتوار کو بچایا گیا تھا لیکن اس کو جزیرہ لارک پر لائے جانے کے بعد حکام کو اس بات کا اندازہ ہوا کہ اس کے ذریعے تیل اسمگل کیا جا رہا تھا، لہٰذا جہاز کو قبضے میں لے کر عملے کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایران کی پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں اس قسم کی سمندری قذاقی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تھی لیکن اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے۔

میری ٹائم ٹریفک کی ٹریکنگ سائٹ کے مطابق پاناما کے جھنڈے کا حامل تیل کا ٹینکر MT Riah نے اتوار کو جزیرہ قیشم کے قریب سگنل بھیجنا بند کر دیے تھے اور اس کے قریب ہی پاسداران انقلاب کا اڈہ بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کی ردعمل میں برطانوی آئل ٹینکر قبضے میں لینے کی دھمکی

اگر یہ پکڑا جانے والا جہاز MT Riah ہے تو یہ یقیناً متحدہ عرب امارات جا رہا ہو گا، 190فٹ کا یہ جہاز عموماً دبئی اور شارجہ کے مغربی ساحلوں کا رخ کرنے کے بعد آبنائے ہرمز سے گزر کر فُجیرہ کا رخ کرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران سے تناؤ کم کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے لیکن اس نے ساتھ ساتھ ایران کے خلاف سخت امریکی پابندیوں کے لیے بھی لابی کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تہران پر سخت ترین پابندیوں کی حمایت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ نے ایران پر اس کا تیل بردار جہاز روکنے کا الزام عائد کیا تھا، جسے پاسداران انقلاب نے مسترد کردیا تھا۔

برطانوی بحریہ نے الزام عائد کیا تھا کہ 3 ایرانی پیراملٹری کشتیوں نے آبنائے ہرمز میں برطانیہ کے تیل بردار جہاز کا راستہ روکنے کی کوشش کی اور اس کی ویڈیو بھی موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024