پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ، ایک فوٹو کاپی کی مار ہے، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے‘۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔
مزید پڑھیں: ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گرفتار
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اس گرفتاری پر سخت موقف اپنایا۔
مریم نواز نے اپنی ٹوئٹس میں لکھا کہ ‘میرے ہم وطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار! جو آپ کے ووٹ سے آئے گا کیا یہی لاقانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟۔
ساتھ ہی انہوں نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے!‘۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ 20 کروڑ لوگوں کو بھی جیل میں ڈال دو گے تو بھی حکومت نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکینڈل اس حکومت کے ہیں اور حکومتی اسکینڈل سامنے لانے والوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو بدنام کیا جارہا ہے، جس نے پنجاب کو ترقی دی وہ بھی کیسز بھگت رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کا شاہد خاقان عباسی کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ
علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کو 11 ہزار میگاواٹ بجلی دینے والے اور دہشت گردی ختم کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا جبکہ کسی کی بھی کرپشن میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا، تاہم اگر گرفتاریوں سے پاکستان کو ترقی ملتی ہے تو سب کو گرفتار کرلیں۔
یاد رہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم اور سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا۔
نیب کی جانب سے لیگی رہنما کو تفتیش کے لیے 18 جولائی کو طلب کیا گیا تھا جہاں وہ پیش نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں لاہور سے جاتے وقت گرفتار کرلیا گیا۔
تبصرے (1) بند ہیں