سام سنگ گلیکسی ایس 11 کا چونکا دینے والا ڈیزائن سامنے آگیا
سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 کو اگلے ماہ ایک ایونٹ میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد گلیکسی فولڈ کی لانچ ڈیٹ بھی سامنے آئے گی۔
اس کے بعد صارفین گلیکسی ایس 11 کا انتظار شروع کریں گے، مگر اس کے بارے میں تفصیلات ابھی سے سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں اور اس بار ڈیزائن کے لحاظ سے وہ لوگوں کو چونکا دے گا۔
سام سنگ کی جانب سے کوریا میں داخل کرائے گئے پیٹنٹ کی تصاویر ڈچ ویب سائٹ لیٹ گو ڈیجیٹل نے لیک کی ہیں جن کو دیکھ کر لگتا ہے کہ گلیکسی ایس 11 میں بہت بڑا ڈسپلے دیا جارہا ہے مگر پھر بھی وہ آرام سے جیب میں فٹ آجائے گا۔
اس ڈیزائن پیٹنٹ کی تفصیلات تو موجود نہیں مگر تصاویر یا رینڈرز سے معلوم ہوتا ہے کہ گلیکسی ایس 11 کی اسکرین دائیں جانب کھلے گی۔
اسکرین کے ارگرد فریم بارڈر بھی جزوی طور پر شفٹ ہوتی ہے، جس سے لچکدار ڈسپلے کو تحفظ ملتا ہے۔
لچکدار ڈسپلے کی بدولت اس فون کو کھولنے پر ڈسپلے 50 فیصد زیادہ بڑا ہوجائے گا۔
اس میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہوں گے جبکہ پنچ ہول کیمرا دئے جانے کا امکان ہے، جبکہ بیک پر کیمروں کو دائیں کونے میں منتقل کردیا جائے گا۔
پیٹنٹ سے تو واضح نہیں کہ فون میں کتنے کیمرے دیئے جائیں گے مگر لیٹس گو ڈیجیٹل کے تھری ڈی رینڈرز میں وہی سیٹ اپ نظر آرہا ہے جو اس وقت فلیگ شپ ماڈلز میں نظر آرہا ہے۔
خیال رہے کہ گلیکسی ایس 11 آئندہ سال فروری یا مارچ میں متعارف کرایا جائے گا اور اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جب تک جاری رہے گا۔