• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

محکمہ صحت کی غفلت، ہیپاٹائٹس سی اور ایڈز کی ادویات ضائع

شائع July 15, 2019
صوبے کے تمام علاج مراکز کو فراہم کی گئی ادویات کا بھی علم نہیں ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
صوبے کے تمام علاج مراکز کو فراہم کی گئی ادویات کا بھی علم نہیں ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پنجاب میں متعلقہ صحت حکام کی مبینہ غفلت سے کو-انفیکشن، ایچ آئی وی/ایڈز اور ہیپاٹائٹس-سی کے شکار ایک ہزار 8 سو مریضوں کے لیے استعمال ہونے والی مہنگی ادویات حکومت کے میڈیکل اسٹور ڈیپو (ایم ایس ڈی) میں ایکسپائر (زائد میعاد) ہوگئیں۔

اس کے علاوہ 3 ہزار 2 سو مریضوں کے علاج کے مقصد کے لیے گزشتہ 2 برس میں صوبے کے تمام علاج و معالجے کے مراکز کو فراہم کی گئی ادویات کی حالت کا ’علم نہیں‘ ہے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ’اسکینڈل‘ کا سراغ ماہرین نے اس وقت لگایا جب ان کی ایک ٹیم نے گرومنگت روڈ گلبرگ میں ایک سرکاری ایم ایس ڈی کا دورہ کیا اور اس بارے میں رپورٹ کیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب کے 5 اضلاع میں ایچ آئی وی/ایڈز کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ

اس حوالے سے ڈان کو دستیاب سرکاری رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ ادویات ایچ آئی وی / ایڈز کے ان مریضوں کے علاج کے لیے خریدی گئی تھی جو ہیپاٹائٹس-سی جیسی مہلک بیماری کا بھی شکار تھے۔

خیال رہے کہ یہ مرکزی گودام ایم ایس ڈی صوبائی سطح پر محکمہ صحت کے آئی آر ایم این سی ایچ، ایکسپینڈڈ پروگرام برائے امیونائزیشن (ای پی آئی)، مواصلاتی بیماری کنٹرول اور ٹی بی کنٹرول پروگرامز کے لیے خریدی گئی ادویات / سامان کو رکھنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بنیادی اور ثانوی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے نے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام (پی اے سی پی) کے تحت اپریل 2017 میں 5 ہزار مریضوں کے لیے 12 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی ہیپاٹائٹس/ایچ آئی وی-ایڈز کی دوا خریدی تھی۔

اس پی اے سی پی کی سربراہی بنیادی اور ثانوی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کے ایڈیشنل سیکریٹری (ٹیکنکل) ڈاکٹر عاصم الطاف کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق یہ ادویات رواں سال اپریل میں زائد المیعاد ہوگئی تھیں لیکن پروگرام کے سربراہ نے سزا سے بچنے کے لیے اس حقیقت کو مبینہ طور پر اسے اعلیٰ حکام سے چھپایا۔

تاہم حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایچ آئی وی-ایڈز کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی رپورٹس کے بعد حکومت نے حال ہی میں ڈاکٹر عاصم الطاف کو اس پروگرام سے ہٹادیا۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ماہرین نے ایم ایس ڈی گودام کا معائنہ کیا اور اس اسکینڈل کا پتہ چلایا۔

رپورٹ کے مطابق سوفی گیٹ (ٹیبلیٹس) ادویات کے 30 ہزار پیکٹس جو ایک ہزار 820 مریضوں میں تقسیم ہونی تھی وہ زائد المیعاد پائی گئی۔

اس میں بتایا گیا کہ پی اے سی پی کو 12 جولائی 2017 کو ہیپاٹائٹس سی کنٹرول پروگرام سے 12 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے (سوفی گیٹ +ریبازول) کے 30 ہزار کومبو پیکٹس موصول ہوئے تھے، جن کی ایکسپائری ڈیٹ اپریل 2019 تھی۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق ’ایچ آئی وی/ایڈز اور ہیپاٹائٹس سی کو انفیکشن کے 5 ہزار مریضوں کے استعمال کے لیے ان ادویات کو ایم ایس ڈی گلبرگ میں رکھا گیا تھا‘۔

جس میں سے پی اے سی پی نے ہیپاٹائٹس-سی کے علاج کے لیے 11 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے 28 ہزار 180 کومبو پیکٹس جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار سے بڑھ گئی

تاہم رپورٹ میں یہ کہا گیا کہ ’ان پیکٹس کو پنجاب میں علاج کرنے والے سینٹرز میں تقسیم کیا گیا اور ان کی موجودہ حالت کا علم نہیں‘۔

ساتھ ہی یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ باقی رہ جانے والے ایک ہزار 8 سو 20 کومبو پیکٹس کو پی اے سی پی کی جانب سے ایم ایس ڈی سے وصول نہیں کیا گیا اور یہ ایکسپائر ہوگئے۔

رپورٹ میں ماہرین نے تجویز دی کہ اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور ’قومی خزانے کو بھاری نقصان‘ پہنچانے میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024