ومبلڈن فائنل میں اعصاب شکن مقابلہ، جوکووچ کی فیڈرر کو شکست
عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار جوکووچ نے ومبلڈن مینز سنگلز کے فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد زیر کرکے پانچویں مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
لندن میں کھیلا گیا فائنل میچ 4 گھنٹے اور 57 منٹ تک جاری رہا تاہم جوکووچ اپنے 37 سالہ حریف فیڈرر کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائی بریک میں 6-7، 6-1، 6-7، 6-4 اور 12- 13 سے شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔
خیال رہے کہ ومبلڈن فائنل تاریخ کا طویل ترین فائنل میچ بھی بن گیا جس میں نہ صرف تکنیک بلکہ دونوں اسٹارز کے اعصاب کا بھی مقابلہ تھا۔
سربین اسٹار نے مسلسل دوسری مرتبہ ومبلڈن چمپیئن بننے کے بعد کہا کہ 8 مرتبہ کے ومبلڈن چمپیئن کے خلاف صرف 2 پوائنٹس کو بچاتے ہوئے پانچویں مرتبہ ومبلڈن ٹرافی تھامنا ‘غیر حقیقی’ لگ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:نڈال کو سیمی فائنل میں شکست، فیڈرر ومبلڈن اوپن کے فائنل میں
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ کچھ مختلف تھا کہ دو میچ پوائنٹ پر میچ میں واپس آئیں اور 12-12 پر ٹائی بریک کھیلنا بالکل مختلف تھا تاہم مجھے امید تھی کہ میں ٹائی بریک میں اچھا کھیلوں گا’۔
جوکووچ نے راجر فیڈرر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرے خیال میں اگر پرجوش فائنل نہیں تھا تو عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر کے خلاف میرے کیریئر کے سرفہرست 2 یا تین بہترین میچوں میں سے ایک تھا’۔
خیال رہے کہ راجر فیڈرر نے سیمی فائنل میں اسپین کے اسٹار رافیل نڈال کو بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
خواتین کے سنگلز فائنل میں گزشتہ روز امریکی مشہور ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو رومانیہ کی سیمونا ہیلپ نے حیران کن شکست دے دی تھی۔