• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیراعظم کا دورہ کراچی: تاجروں کو ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی

شائع July 10, 2019
وزیراعظم  کے ساتھ ان کی پوری معاشی ٹیم بھی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران موجود تھی — فوٹو ریڈیو پاکستان
وزیراعظم کے ساتھ ان کی پوری معاشی ٹیم بھی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران موجود تھی — فوٹو ریڈیو پاکستان

ملک میں جاری معاشی بحران کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں تاجروں کو حکومت کے ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کروادی۔

وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے تاجروں سے ملاقات کی اور ملکی معاشی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کا اہم حصہ ہیں، حکومت اور تاجر برادری مل جل کر تمام مسائل کا حل نکالیں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی: تاجر ایکشن کمیٹی کا 3 روزہ ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا۔

وزیراعظم نے تاجر برادری کو حکومت کے ساتھ لے کر چلنے کی بھی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور ملک سے غربت مٹانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ان کی پوری معاشی ٹیم بھی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران موجود تھی۔

تاجر برادری کے وفد نے وزیراعظم کے سامنے ٹیکس نظام میں اصلاحات، آمدنی بڑھانے، افراط زر اور اسملنگ کی روک تھام، کاروبار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ملازمتوں کے موقع پیدا کرنے سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے ون آن ون ملاقات کی اور کراچی سمیت پورے سندھ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے جلد ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری منصوبوں کے لیے وفاق اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

گورنر سندھ نے تاجروں کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی بے نامی اثاثہ جات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت

واضح رہے کہ کراچی کی تاجر ایکشن کمیٹی نے وفاقی بجٹ میں تاجروں پر لگائے گئے ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے 8 جولائی سے 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

اسی دوران گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے تاجر برادری سے ملاقات کی تھی اور یقین دہانی کرائی تھی کہ دورہ کراچی کے دوران وزیراعظم سے تاجروں کی ملاقات کرائی جائے گی، جس پر تاجر ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا۔

گورنر سندھ نے بتایا تھا کہ 'تاجر برادری سے ملاقات میں چیئرمین بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) شبر زیدی سے بھی بات کرائی گئی ہے اور انہوں نے یقین دلایا ہے کہ تاجر برادری کے تحفظات دور کیے جائیں گے'۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ' موبائل فونز، پرانے کپڑوں پر عائد کردہ زائد ٹیکسز پر تاجروں سے بیٹھ کر بات کی جائے گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'تمام معاملات چیئرمین وفاقی بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) شبر زیدی کی مشاورت سے حل کیے جائیں گے'۔

انہوں نے کہا 'تاجر برادری نے ٹیکس نیٹ میں اضافے اور ریوینیو بڑھانے کے حوالے سے چند تجاویز بھی پیش کی ہیں جس پر غور کیا جائے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024