• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: ڈیفنس میں فائرنگ سے نجی چینل کا اینکر پرسن قتل

شائع July 9, 2019 اپ ڈیٹ July 12, 2019
مرید عباس نجی ٹی وی چینل میں اینکر پرسن تھے— فوٹو: فیس بک
مرید عباس نجی ٹی وی چینل میں اینکر پرسن تھے— فوٹو: فیس بک

کراچی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں نجی ٹی وی کے اینکر پرسن سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک شخص نے رقم کے تنازع پر 'بول ٹی وی' کے اینکر پرسن مرید عباس اور ان کے دوست خضرحیات کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی کا کہنا تھا کہ ’ملزم عاطف زمان نے مرید عباس اور ان کے دوست کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’پولیس ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی تو ملزم نے خود کو گولی مارلی‘۔ تاہم ملزم کو زخمی حالت میں قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

اس سے قبل ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے شواہد ملے ہیں کہ مرید عباس کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

شرجیل کھرل نے مرید عباس کے دوستوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اینکر پرسن کا کسی کے ساتھ رقم کے لین دین کا تنازع تھا، تاہم ’مطلوبہ شخص‘ کی شناخت تحقیقات کے پیش نظر ظاہر نہیں کی جارہی۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جناح ہسپتال) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ مرید عباس کو ہسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طبی رپورٹ کے مطابق مرید عباس کے پیٹ اور سینے میں ایک، ایک گولی لگی۔

دوسری جانب مرید عباس کی اہلیہ نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ عاطف زمان نے 8 بجے کے قریب فون کر کے مرید عباس کو بلایا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عاطف ٹائروں کا بزنس کرتا ہے اور مرید عباس نے 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم اس کے کاروبار میں لگائی تھی۔

مرید عباس کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ’انہیں شک نہیں یقین ہے کہ عاطف زمان نے ہی ان کے شوہر کو قتل کیا‘۔

پہلوان گوٹھ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

دوسری جانب کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں بھی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے پہلوان گوٹھ میں واقع بسمہ اللہ ہوٹل پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں عزیز وہاب اور نازک ولد غلام محمد جاں بحق ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ 40 سالہ عزیز اور 22 سالہ نازک موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ڈی آئی ایسٹ نے بتایا کہ مسلح افراد نے کسی کو نشانہ بنائے بغیر محض خوف و ہراس پھیلنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا واقعے پر نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں دومختلف واقعات میں جاں بحق ہونےوالے 4 افراد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے چیف سیکریٹری کو آئی جی پولیس سے رابطہ کرکے شہر میں پولیس کی پیٹرولنگ میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلون گوٹھ میں فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا اظہار افسوس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بول ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔

ٹوئٹ میں مقتول کے لواحقین اور بول انتظامیہ سے تعزیت کی گئی۔

مرتضی وہاب کا مرید عباس کے قتل پر اظہار افسوس

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اینکر پرسن کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرید عباس کا قتل شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرید عباس سمیت دیگر افراد کے قاتلوں کو بے نقاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن لوٹانے میں پولیس، رینجرز اور قانون نافز کرنے والے اداروں کی قربانیاں شامل ہیں تاہم شہر کا امن تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024