• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

تحریک عدم اعتماد: کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، چیئرمین سینیٹ

صادق سنجرانی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے — فائل فوٹو / ڈان نیوز
صادق سنجرانی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے — فائل فوٹو / ڈان نیوز

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کی قرارداد جمع ہونے پر کوئی پریشانی نہیں اور وہ کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمہوری عمل ہے، قرارداد جمع ہونے پر کوئی پریشانی نہیں، میں بیٹھا ہوں اور اپنا کام کر رہا ہوں۔

اس سوال پر کہ بلاول بھٹونے کہا ہے کہ آپ کومستعفی ہو جانا چاہیے، چیئرمین سینیٹ نے جواب دیا کہ 'کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا۔'

مزید پڑھیں: تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو چیئرمین سینیٹ کی حمایت کریں گے، وزیراعظم

واضح رہے کہ ملک کی 2 بڑی اپوزیشن جماعتوں کی قیادت پر بدعنوانی کے الزامات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایوان بالا میں موجود اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد اور سینیٹ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کروائی تھی۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کو سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کروانے کے لیے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کا ایک اجلاس سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کی صدارت میں ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد کے لیے حکمت عملی اپنائی گئی۔

یاد رہے کہ صادق سنجرانی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے چیئرمین سینیٹ ہیں۔

ایوان بالا کے چیئرمین کو ہٹانے کا فیصلہ 26 جون کو اپوزیشن کی کثیر الجماعتی کانفرنس میں کیا گیا تھا۔

صادق سنجرانی نے گزشتہ برس 12 مارچ کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے 57 ووٹ حاصل کیے تھے، جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفر الحق کو 46 ووٹ ملے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024