• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

برہان وانی کی تیسری برسی پر آزاد کشمیر میں ریلیوں کا انعقاد

شائع July 8, 2019
برہان وانی کو بھارتی فوج نے 8 جولائی 2016 کو  ایک مبینہ انکاؤنٹر میں ان کے 2 ساتھیوں سمیت شہید کردیا تھا—فائل فوٹو: کشمیر میڈیا سروس
برہان وانی کو بھارتی فوج نے 8 جولائی 2016 کو ایک مبینہ انکاؤنٹر میں ان کے 2 ساتھیوں سمیت شہید کردیا تھا—فائل فوٹو: کشمیر میڈیا سروس

مظفرآباد: بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں شہید ہونے والے نوجوان مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کی تیسری برسی کے موقع پر جدو جہد آزادی سے یکجہتی کی تجدید کے لیے آزاد کشمیر میں ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں سب سے پرانے متحارب گروہ حزب المجاہدین کے چیف آف آپریشن برہان وانی کو بھارتی فوج نے 8 جولائی 2016 کو بمدورا گاؤں میں ایک مبینہ انکاؤنٹر میں ان کے 2 ساتھیوں سمیت شہید کردیا تھا۔

اسکول ہیڈماسٹر کے بیٹے برہان وانی کو 2011 سے مقبوضہ کشمیر میں مسلح جدو جہد کی وجہ سے جانا جاتا تھا، وہ باقاعدگی سے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام پوسٹ کرتے رہتے تھے جس میں نوجوانوں کو بھارت مخالف جدو جہد میں شامل ہونے کی دعوت دیتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فورسز نے 515 کشمیری قتل کیے

ان کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں 100 سے زائد روز تک طویل ترین کرفیو لگا رہا اس دوران قابض فورسز نے احتجاجی مظاہروں کو دبانے کے لیے بے رحمی سے متعدد افراد کو قتل کیا۔

نئی دہلی کے مفروضوں کے برعکس برہان وانی کی شہادت نے بھارت مخالف تحریک میں نئی جان ڈال دی اور سیکڑوں پڑھے لکھے نوجوان اس میں شامل ہوئے۔

برہان وانی کی تیسری برسی کے موقع پر ایک پیغام میں آزاد کمشیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ ’وہ ایک بہادر نوجوان رہنما تھے جن کی شہادت نے قوم کی جدو جہد آزادی کو نئی قوت بخشی‘۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر:برہان وانی کی برسی،حریت قائدین گرفتار و نظربند

اپنے پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ظفر اکبر بھٹ اور دیگر کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’برہان وانی کشمیر کی جدو جہد آزادی کا علامت بن گئے، ان کی برسی کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ان کے مشن کو کامیاب ہونے تک ہم کوئی کوشش نہیں چھوڑیں گے‘۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’نہ صرف آزاد کمشیر بلکہ ہم گلگت بلتستان کے ساتھ پوری پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024