• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

سپریم کورٹ: آصف زرداری، شہباز شریف و دیگر اراکین کے پروڈکشن آرڈر چیلنج

شائع July 2, 2019
پروڈکشن آرڈر انتظامی حکم ہے جو عدالتی احکامات سے بالاتر نہیں ہو سکتا—فائل فوٹو: اے ایف پی
پروڈکشن آرڈر انتظامی حکم ہے جو عدالتی احکامات سے بالاتر نہیں ہو سکتا—فائل فوٹو: اے ایف پی

سپریم کورٹ میں مختلف کیسز میں گرفتار و ضمانت پر موجود اراکین اسمبلی آصف زرداری، شہباز شریف، سعد رفیق، فریال تالپور، حمزہ شہباز اور آغا سراج درانی کے پروڈکشن جاری کرنے کو چیلنج کردیا۔

عدالت عظمیٰ میں آصف نواز نامی شہری کی جانب سے پروڈکشن آرڈرز چیلنج کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، اسپیکر سندھ اسمبلی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کو چیلنج کیا گیا۔

مزید پڑھیں: تیسری مرتبہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری

عدالت سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کے دوران جاری پروڈکشن آرڈر کالعدم قرار دیے جائیں۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ احتساب عدالتوں نے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا، متعلقہ اسمبلیوں کے اسپیکرز نے ملزمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ پروڈکشن آرڈر انتظامی حکم ہے جو عدالتی احکامات سے بالاتر نہیں ہو سکتا، عدالتی احکامات کے ہوتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہو سکتے،

ساتھ ہی یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ اسپیکرز کی جانب سے جاری پروڈکشن آرڈرز کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، لہٰذا انہیں کالعدم قرار دیا جائے۔

خیال رہے کہ یہ تمام اراکین اسمبلی مختلف مقدمات میں گرفتار یا ضمانت پر ہیں جبکہ اسپیکرز کی جانب سے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں، تاہم قومی اسمبلی کے بجٹ بحث اجلاس میں شرکت کے لیے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے تھے۔

اسی طرح قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہوئے تھے لیکن لاہور ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پروڈکشن آرڈر ملنے کے بعد آصف زرداری کی قومی اسمبلی میں آمد

دیگر اراکین قومی اسمبلی کی بات کریں تو پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں، تاہم ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے تھے، اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے رکن حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار تھے تاہم اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے انہیں بھی پروڈکشن آرڈر کے ذریعے لایا گیا تھا۔

خواجہ سعد رفیق کی بات کریں تو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ان کی ضمانت کی درخواست خارج ہوگئی تھی لیکن اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو بھی آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام نے نیب نے گرفتار کیا تھا لیکن وہ اسپیکر کے طور پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کرتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024