مری: سیاحوں کی 'شکایات' دور کرنے کیلئے وزیراعلیٰ کے خصوصی احکامات
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں سیاحوں سے کھانے پینے اور رہائش کے لیے اضافی رقوم وصول کرنے اور انہیں غیر معیاری اشیا فراہم کرنے سے متعلق رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایت جاری کردیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زائد قیمت وصول اور غیر معیاری کھانے پینے کی چیزیں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامی افسران اس مسئلے کے سدباب کے لیے موثر اقدامات اٹھائیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت جاری کیں کہ 'کھانے پینے کی غیر معیاری اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں: ضرورت مری کے بائیکاٹ کی نہیں، بلکہ منظم سیاحت کی ہے
انہوں نے کہا کہ 'سیاحتی مقامات پر اضافی چارجز کے ذریعے سیاحوں کو لوٹنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘
عثمان بزدار نے تنبیہ کی کہ اس معاملے کو حل کرنا اور مارکیٹ میں معیاری اشیا کی فروخت کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اگر آئندہ اس طرح کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مری میں غیر معیاری اشیا کی فروخت کو ہر صورت روکا جائے جبکہ اس معاملے کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ ارسال کی جائے۔
خیال رہے کہ مری میں متعدد افسوسناک واقعات پیش آچکے ہیں جن میں سیاحیوں کے ساتھ مقامی افراد سمیت ہوٹل انتظامیہ اور مالکان نے جھگڑا کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی دیکھیں: مری میں پولیس خدمت مرکز کا آغاز
سیاحوں نے سیاحتی مقام پر ناقص انتظامات اور ہوٹل مالکان سمیت کھانے پینے کی اشیا پر اضافی چارجز وصول کرنے کی شکایت کی۔
گزشتہ برس دسمبر میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ہوٹل انتظامیہ کو کچھ سیاحوں پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بعدازاں مقامی سیاح نے پولیس سے ہوٹل مالکان کے خلاف شکایت کی تو پولیس نے موقف اختیار کیا کہ وہ مذکورہ معاملے میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا سکتے کیونکہ ہوٹل ان کی حدود کے دائرسے باہر ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں ٹریفک نظام کی بہتری کی بھی ہدایات کی۔
انہوں نے کہا کہ 'ٹریفک کا بہترین انتظام کرکے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے‘۔
مزید دیکھیں: مری میں پھر سے سیاح فیملی بدتمیزی اور تشدد کا نشانہ بن گئی
پارکنگ مسائل سے متعلق انہوں نے کہا کہ مری میں گاڑیوں کی پارکنگ ایک درینہ مسئلہ ہے جس کا حل تلاش کیا جائے اور زائد فیس کی وصولی سے متعلق سیاحوں کو شکایت کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ 'اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طور پر نصب کیے جائیں‘۔
واضح رہے کہ بڑی تعداد میں سیاحوں کا مری کی جانب رخ کرنے پر اکثر وہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہوجاتی ہے جبکہ بد ترین ٹریفک جام پر سیاحوں کو مجبوراً اپنی گاڑی میں ہی رات گزارنی پڑ جاتی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سیاحوں کے ساتھ اچھے رویے کا مظاہرہ کیا جائے، جہاں بدتمیزی کی شکایت سامنے آئے وہاں ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
سیاحوں کی حفاظت کیلئے مری میں ڈولفن فورس تعینات
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر مری میں مقامی افراد اور سیاحوں کی حفاظت کے لیے ڈولفن فورس تعینات کردی گئی علاوہ ازیں فورسز نے علاقے میں پیڑولنگ بھی شروع کردی۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس کو مری میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے متعلق ہدایات جاری کردی گئیں تھیں۔
انہوں نے فورس کی تعیناتی ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اقدام کا مقصد سیاحوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محفوظ سیاحت کے چند اہم اور معلوماتی اصول
ڈولفن فورس اسٹریٹ کرائم کے سدباب اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی بھی کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 'ہماری حکومت سیاحوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دے گی، جبکہ مری میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے سیاحوں اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بھی بڑھے گا۔'