دنیا کی تیز ترین اسمارٹ فون چارجنگ ٹیکنالوجی سامنے آگئی
چینی کمپنی ویوو نے دنیا کی تیز ترین اسمارٹ فون چارجنگ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے جو محض 13 منٹ میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو مکمل چارج کرسکتی ہے۔
شنگھائی میں 26 جون کو شروع ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران ویوو کی جانب سے سپرفلیش چارج 120 واٹ نامی تیز ترین چارجنگ ٹیکنالوجی متعارف کرائی۔
یہ فون تاحال کمرشل فونز کے لیے تو پیش نہیں کی گئی مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی مدد سے 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو 13 منٹ میں مکمل چارج کیا جاسکتا ہے جو کہ حیران کن پیشرفت ہے۔
یہ اس لیے اہم پیشرفت ہے کیونکہ اس وقت بیشتر اسمارٹ فونز میں 4000 ایم اے ایچ سے کم طاقت کی بیٹریاں موجود ہیں یہاں تک کہ آئی فون ایکس ایس میکس میں 3174 ایم اے ایچ بیٹری ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال ہواوے نے اپنے فولڈ ایبل فون میٹ ایکس کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ اس ڈیوائس کی 4500 ایم اے ایچ بیٹری 30 سے 40 منٹ میں مکمل چارج کی جاسکتی ہے۔
یہاں تک کہ ایپل کی اپنی فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی بھی آئی فون ایکس ایس کی 2658 ایم اے ایچ آدھے گھنٹے میں صرف 50 فیصد ہی چارج کرپاتی ہے۔
دوسری جانب ویوو کی نئی ٹیکنالوجی کسی اسمارٹ فون کی 50 فیصد بیٹری چارج کرنے کے لیے 5 منٹ کا وقت لیتی ہے۔
اس ٹیکنالوجی میں کاسٹیوم یو ایس بی سی کیبل کو 120 واٹ چارجر کے ساتھ لگایا جاتا ہے، تاکہ کم از کم وقت میں بیٹری کو چارج کیا جاسکے۔
یہ واضح نہیں کہ ویوو کی یہ تیز ترین ٹیکنالوجی عام صارفین کے لیے کب تک دستیاب ہوگی۔